مزاحمت ہو یا مذاکرات ،نتیجہ خیز ہونے چاہئیں:شفیع جان
مذاکرات ہوبھی جائیں پھر بھی ہم اپنا فوکس سٹریٹ موومنٹ پر رکھیں گے ان کی سٹریٹ موومنٹ سٹریٹ فوڈ پر ختم ہو گی:اختیار ولی ، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معاون خصوصی اطلاعات کے پی شفیع جان نے کہا ہے کہ جہاں تک مذاکرات کی بات ہے ہم بار ہا بات کرچکے ہیں،اس بارہم چاہتے ہیں مزاحمت ہو یا مذاکرات ، وہ نتیجہ خیز ہوں۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دوسری اہم بات یہ ہے کہ جب ہماری تحریک زور پکڑتی ہے توان کو مذاکرات یاد آجاتے ہیں، مذاکرات کا مینڈیٹ عمران خان نے اچکزئی کودیا ہے ،وہ اس کے بارے میں جو بھی فیصلہ کریں گے وہ تحریک انصاف کو قابل قبول ہوگا،کچھ پوائنٹس ہیں جس سے ہم محمود اچکزئی کے ساتھ ایگری ہو چکے ہیں،ان پوائنٹس پر حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ہم مذاکرات کی طرف جاسکتے ہیں،لیکن اس بار ہمارا تمام تر فوکس سٹریٹ موومنٹ پر ہے ،ہماری یہ پالیسی ہے اگر مذاکرات ہوبھی جائیں پھر بھی ہم اپنا فوکس سٹریٹ موومنٹ پر رکھیں گے ،ہمارے بنیادی نکات پر حکومت بات کرنے کو تیار ہے تو ہم چیزوں کو اچھی سمت میں لے جاسکتے ہیں۔
مشیرِ وزیر اعظم اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج، تحریک سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،مگر ہم قومی یکجہتی چاہتے ہیں،اس حوالے بیرسٹر گوہر نے بھی تین چار پریس کانفرنسز میں یہ کہا ہم بیٹھنا چاہتے ہیں،شکر ہے کہ ان کویہ تو سمجھ آگئی ہے کہ کہاں بیٹھنا ہوتا ہے ، کس سے بات کرنی ہے ،پہلے یہ کہتے تھے کہ ہم نے فلاں سے بات کرنی ہے ، فلاں سے نہیں کرنی،تحریک انصاف کو سب سے پہلے یہ واضح کرنا چاہیے کہ انہوں نے ڈائیلاگ سے کمانا کیا ہے ، کیا چاہتے ہیں؟،عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں تو یہ لوگ اس کو بھول جائیں،اگریہ الیکشن ریفارمز پر بات کریں گے یہ ہم سنیں گے ،تحریک انصاف کئی گروپوں میں تقسیم ہے ، ایک گروپ مذاکرا ت کا حامی ہے ،سٹریٹ موومنٹ سے کیا ہوگا؟،سٹریٹ موومنٹ انہوں نے نو مئی ،26نومبر،8 ستمبر کو کیا تھا،اب اس بار ان کی سٹریٹ موومنٹ سٹریٹ فوڈ پر ختم ہو گی۔اس سے زیادہ مجھے کچھ نظر نہیں آرہا۔