یمن، صومالیہ، خطے کی بدلتی صورتحال، پاکستان سفارتی محاذ پر متحرک

یمن، صومالیہ، خطے کی بدلتی صورتحال، پاکستان سفارتی محاذ پر متحرک

اسحاق ڈار کے چین میں قیام کے دوران چھ وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے وزیراعظم کی بھی اماراتی صدر سے ملاقات، سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)یمن، غزہ اور صومالیہ سمیت خطے کی بدلتی صورتحال پر پاکستان سفارتکاری کے محاذ پر متحرک ہے ۔ اسحاق ڈار نے اپنے دورہ چین کے دوران بیجنگ سے چھ ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور وہ سعودی عرب، اماراتی اور ترک سمیت مصری اور ملائشیا کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کیا۔ بنگلہ دیش کے ایڈوائزر فارن افیئرز سے رابطہ کیا گیا۔ وطن واپسی کے دن اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انڈونیشین وزیر خارجہ کے ساتھ اسحاق ڈار نے صومالیہ اور غزہ میں دیرپا امن کی کوششوں پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے خطے سمیت موجودہ عالمی پیشرفت کے علاوہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات، او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں یمن میں جنگی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کا موقف بڑا واضح رہا، پاکستان نے نہ صرف بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا بلکہ مثبت کردار بھی ادا کیا۔

یمن میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 3 مرتبہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے رابطہ کیا، گورنر تبوک سے بھی رابطہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان رابطوں میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال اور معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے تمام فریقوں کی کوششوں کو سراہا گیا، اس دوران خطے کی صورتحال سے متعلق مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس سے پہلے یمن میں جنگی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے امارتی صدر شیخ زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں