لاہور میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ
اقدام اہم مقامات اوروی وی آئی پیز کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے کیاگیا 1 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز ،سمری کابینہ کوارسال
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں وی وی آئی پیز کی سکیورٹی مزیدموثر بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی ڈویژن لاہور نے اہم سکیورٹی مقامات پر جدید کیمروں کی تنصیب کیلئے تیاری شروع کر دی ہے ۔ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سی سی ٹی وی منصوبے کیلئے سمری کابینہ کو بھی بھجوا دی ہے ، جس میں فنڈز کی درخواست بھی شامل ہے ۔ منصوبے کیلئے 1 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق منصوبے میں تمام ضروری آلات شامل ہوں گے اور سکیورٹی ڈویژن لاہور میں نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا ۔سکیورٹی ڈویژن جو وزیر اعلیٰ، جوڈیشری اور دیگر وی وی آئی پیز کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتا ہے ، اس منصوبے کے تحت نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کیلئے اقدامات کرے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف اہم مقامات کی حفاظت بہتر ہوگی بلکہ وی وی آئی پیز کی سکیورٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔