شہبازشریف کی مصروفیات ،وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی
کابینہ اجلاس کے نئے شیڈول کا اعلان ہوگا،آج نہروں کے معاملے پر اجلاس طلب پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں:وزیراعظم ،گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد،سیالکوٹ (نامہ نگار،نمائندہ دنیا، نیوزایجنسیاں)وفاقی کابینہ کا گزشتہ روز ہونے والااجلاس وزیراعظم شہبازشریف کی مصروفیات کے باعث ملتوی کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس گزشتہ روز ہونا تھا تاہم مصروف شیڈول کے باعث اجلاس کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر رکھا تھا تاہم اب اجلاس کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں اہم قومی اور حکومتی امور پر غور کیا جانا تھا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور وقت سے متعلق باضابطہ اطلاع جلد جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کل سیالکوٹ جائیں گے اور وزیر مملکت ارمغان سبحانی کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کریں گے ، بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف وزیر دفاع خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر جائیں گے ، جہاں مسلم لیگ ن کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم نے نہروں کے معاملے پر اہم اجلاس بھی آج طلب کرلیا ہے ۔دوسری طرف گیٹس فائونڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے اورسنجیدہ اقدامات کررہی ہے ،اس بیماری کے خلاف جاری جنگ میں خاطر خواہ کامیابی کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔