افغان شہریوں کی یورپ سمگلنگ سکاٹ لینڈ میں افغان گرفتار
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) یورپ میں افغان شہریوں کا انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندا، سکاٹ لینڈ سے بھی ایک افغانی گرفتار کر لیا گیا جس سے افغان نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔
بیلجیئم ،برطانیہ ،رومانیہ سے بھی انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث کئی افغان باشندے گرفتاراورملک بدرکئے جاچکے ہیں۔ برطانوی جریدہ کے مطابق برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افغان شہری کو سکاٹ لینڈ کے شہرگلاسگو سے گرفتارکیا ، گرفتاری کے بعد گلاسگو اور برمنگھم میں 2مقامات پر چھاپوں میں متعدد دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے ۔ گرفتارافغان شہری اسی نیٹ ورک کا اہم کردار ہے جو آئرلینڈ سے برطانیہ تک انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے ۔ برطانوی جریدہ کا کہنا ہے کہ افغان جریدہ ہشت صبح کے مطابق افغان نیٹ ورک برطانیہ اور آئرلینڈ کے درمیان مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت میں سرگرم ہے ۔ این سی اے کاکہنا ہے غیرقانونی نقل وحرکت اور انسانی سمگلنگ میں ملوث افغان نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی ترجیحات میں شامل ہے ، ڈبلن سے گرفتار 26 سالہ افغان شہری کو انسانی سمگلنگ کے الزامات کے تحت چارج کیا جا چکا ہے ۔ افغان شہری کی گرفتاری سے پھر ثابت ہوا کہ طالبان رجیم جرائم اور دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔