یوسف رضا گیلانی سے فیصل کنڈی کی ملاقات ، تیراہ صورتحال پرتبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپور ٹر ،نیوز ایجنسیاں) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ انجمن ہلال احمر پاکستان تیراہ کے متاثرین کی مکمل امداد میں مصروف ہے۔
شدید برفباری میں پھنسے افراد کو خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچا دیا گیا ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ دریں اثنا گورنر خیبر سے ڈائریکٹر سیف گروپ وقاص اور کمشنر افغان مہاجرین شکیل احمد صافی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی جس میں افغان مہاجرین سے متعلق امور، ان کی رجسٹریشن، سہولیات اور باعزت واپسی کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا افغان حکومت کا دہشت گردوں کی پشت پناہی کا رویہ ہی افغان عوام کے لئے مسائل پیدا کررہا ہے ۔علاوہ ازیں گورنرنے اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا ڈاکٹر عباداﷲ خان کے ہمراہ تحصیل باڑہ کا دورہ کیا اور ڈوگرہ میں انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کی جانب سے وادی تیراہ متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا ۔بعد ازاں فیصل کریم کنڈی سے سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔