بشریٰ بی بی کی سزامعطلی کا فیصلہ جلد کرنے کیلئے درخواست دائر
آنکھ کی سرجری کیلئے کسی فیملی کونہیں بتایا، کالی عینک لگا کر بٹھا دیا گیا :سلمان صفدر بشریٰ بی بی کاسرجری کے بعد فالو اپ چیک اپ ،ٹیم میں الشفا ، پمزکے ڈاکٹرشامل
اسلام آباد،راولپنڈی(رضوان قاضی،احمد بھٹی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت، بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کے بعد سزا معطلی درخواست پر جلد فیصلہ کرانے کی ایک بار پھر کوشش شروع کردی گئی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کرتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سزا معطلی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے ،بشریٰ بی بی تک ان کے وکلا اور فیملی کی رسائی دینے کی استدعاکرتے ہوئے موقف اپنایاکہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری پنڈی کے الشفا آئی ہسپتال میں کی گئی،سرجری سے پہلے کسی فیملی ممبر کو آگاہ نہیں کیا گیا،قانونی طور پر وکیل اور فیملی ممبر کو آگاہ کرنا ضروری ہے ،بغیر کسی کو آگاہ کئے بشریٰ بی بی کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،اچانک فیملی کو بتایا گیا جس کے بعد فیملی نے جیل میں ملاقات کی۔
بشریٰ بی بی کی فیملی نے ملاقات کے بعد دیکھا کہ ان کو کالی عینک لگا کر بیٹھا دیا گیا ہے،ملاقات کے بعد فیملی کے مطابق بشریٰ بی بی کی میڈیکل کنڈیشن سیریس نوعیت کی ہے ،ڈاکٹرز یا جیل حکام کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں،بشریٰ بی بی خاتون ہیں اور ان کی سزا بھی سات سال ہے جو کم کے زمرے میں آتی ہے ،جیل حکام نے عدالتی حکم کے باوجود مجھے جیل میں بشریٰ بی بی تک رسائی نہیں دی ، درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ 15 مئی 2025 سے زیر التوا بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کریں،بشری بی بی تک فیملی اور وکیل کو رسائی دی جائے ،الشفا آئی ہسپتال کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور جیل سپریڈنٹ کو ریکارڈ سمیت طلب کیاجائے ۔ علاوہ ازیں آئی سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم بشریٰ بی بی کی آئی سرجری کے بعد فالو اپ چیک اپ کے لئے جیل آئی تھی ۔ٹیم میں الشفاء آئی ٹرسٹ کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز کے ڈاکٹر عارف شامل تھے ، ٹیم نے بشریٰ بی بی کی آنکھ کا معائنہ کیا ۔