زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف ٹیکس ریکوری نوٹس پر حکم امتناع ختم

 زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف ٹیکس ریکوری نوٹس پر حکم امتناع ختم

انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026کے بعد سماعت کا اختیار نہیں رہا:اسلام آبادہائیکورٹ فیصلے کے بعدایف بی آرکا ٹیکس کی مد میں اربوں روپے ریکوری کا راستہ ہموار ہو گیا

 اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026 کے نفاذ کے بعد زرعی ترقیاتی بینک کی ریکوری نوٹس کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کو قانوناً ختم قرار دیتے ہوئے حکم امتناع خارج کر دیا۔جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں قرار دیا گیا کہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس نوعیت کی درخواستیں خود بخود ختم ہو جاتی ہیں ۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2026 کی واضح ہدایات کے بعد اب اس معاملے پر مزید سماعت کا اختیار باقی نہیں رہا، لہٰذا رٹ پٹیشن کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ فیصلے کے مطابق 17 مارچ 2026 کو جاری کیا گیا عبوری حکم نامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے جس کے نتیجے میں زرعی ترقیاتی بینک کے خلاف ٹیکس ریکوری نوٹس پر دیا گیا حکم امتناع ختم ہو گیا ۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کی ریکوری کا راستہ ہموار ہو گیا ہے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی قرار دیا کہ زرعی ترقیاتی بینک قانون کے مطابق کسی دوسرے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا حق رکھتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں