پنجاب:اتحاد بین المسلمین کمیٹی ، متحدہ علماء بورڈ کی تشکیل نو

  پنجاب:اتحاد بین المسلمین کمیٹی ، متحدہ علماء بورڈ کی تشکیل نو

شافع حسین اتحاد بین المسلمین کے ، مفتی انتخاب احمد علماء بورڈ کے چیئرمین مقرر

لاہور(سیاسی نمائندہ)حکومتِ پنجاب نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کی تشکیلِ نو کر دی ہے اور محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چودھری شافع حسین کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام کو شامل کیا گیا ہے ، جن میں مفتی محمد رمضان سیالوی، علامہ راغب نعیمی اور علامہ طاہر اشرفی سمیت 90 اراکین شامل ہیں۔سیکرٹری ہوم، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے متحدہ علماء بورڈ پنجاب کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت تین سالہ مدت کیلئے نئی باڈی تشکیل دیدی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد کو چیئرمین مقرر جبکہ ڈاکٹر راغب نعیمی، پیر سید اجمل قادری، محمد عمر، مفتی رمضان سیالوی اور ڈاکٹر نبیرا عندلیب سمیت دیگر کو بطور ممبر شامل کیا گیا ،مولانا زبیر حسن، مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی، مولانا ظفر اللہ شفیق، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، صاحبزادہ حافظ محمد امجد اور پروفیسر ڈاکٹر محسینہ منیر کو بھی بورڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔علامہ محمد شفیق پسروری، مولانا عبدالوہاب روپڑی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مولانا ڈاکٹر حسن مدنی اور ڈاکٹر صائمہ فاروقی بھی ممبران میں شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر، علامہ توقیر عباس، علامہ سید افضل حیدری، ظفر عباس خواجہ، علامہ سید انتظار مہدی اور فروا بتول کو بھی بطور ممبر شامل کیا گیا ہے ، مجموعی طور پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے 24 علماء کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پنجاب سمیت 11 سرکاری افسروں بھی بطور ارکان شامل ہوں گے ، بورڈ قابل اعتراض لٹریچر، نصاب، سائبر کرائمز اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق امور پر سفارشات مرتب کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں