میشا شفیع کو 50لاکھ ہرجانہ علی ظفر کو ادائیگی کا فیصلہ معطل
ہرجانے کی نصف نقد رقم میشا شفیع کو عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت
لاہور (کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل پر 50 لاکھ ہرجانے کی رقم گلوکار علی ظفر کو دینے کا فیصلہ معطل کردیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے 50 لاکھ ہرجانے کے فیصلے کے خلاف میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ہرجانے کی رقم علی ظفر کو دینے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ہرجانے کی آدھی نقد رقم میشا شفیع کو عدالت میں جمع کروانے اور باقی آدھی رقم کی شورٹی عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب عدالت نے میشا شفیع کے وکیل کی ٹرائل کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو معطل نہیں کرسکتے ،کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے ۔یاد رہے کہ سیشن کورٹ لاہور نے گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے گلوکارہ میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانے کا حکم دیا تھا۔ علی ظفر نے الزامات لگانے پر میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔