ٹریفک جرمانوں میں کمی :ترمیمی بل گورنر کے دستخط کا منتظر

ٹریفک جرمانوں میں کمی :ترمیمی بل گورنر کے دستخط کا منتظر

موٹر سائیکل کے بعض چالان 2ہزار سے کم کر کے 1 ہزار ہو جائیں گے موٹر سائیکل، رکشہ ، کار کی اوور سپیڈنگ کے جرمانوں میں تبدیلی نہیں ہوئی

لاہور (سیاسی نمائندہ)ٹریفک جرمانوں میں کمی کا ترمیمی بل گورنر پنجاب کے دستخط کا منتظر ، صوبائی موٹر گاڑیاں (چوتھی ترمیم)بل 21 اپریل کو پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد گزشتہ منگل کوگورنر پنجاب کو ارسال کر دیا گیا کیوں کہ ترامیم کی حتمی توثیق گورنر پنجاب کریں گے تاہم اس پر تاحال دستخط نہیں ہو سکے ، بل کے متن کے مطابق موٹر سائیکل کے بعض چالان 2 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیئے جائیں گے جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 2 ہزار روپے مقرر ہوگا، رکشے کے چند خلاف ورزیوں پر جرمانہ 3 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے ہوگا، کار اور جیپ کے بعض چالان 5 ہزار سے کم کر کے 2 ہزار روپے ہوں گے تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر 5 ہزار جرمانہ برقرار رہے گا۔

موٹر سائیکل، رکشہ اور کار کی اوور سپیڈنگ کے جرمانوں میں تبدیلی نہیں کی گئی، 2 ہزار سی سی اور دیگر لگژری گاڑیوں کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار جبکہ کم سے کم جرمانہ 2 ہزار مقرر کیا گیا ہے ، مزدا، کوسٹرز اور چھوٹی مسافر وین لائٹ وہیکلز کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے کیا گیا ہے جبکہ ٹرک، بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کا زیادہ سے زیادہ جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار کر دیا جائے گا، سیکرٹری پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی خالد محمود کے مطابق اسمبلی جرمانوں کا ترمیمی بل گورنر پنجاب کو ارسال کیا جا چکا ،حتمی توثیق کے بعد ترمیمی بل قانون کی شکل پاجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں