وزیرستان :چوکی پر خودکش حملہ کی کوشش ناکام، 7شہری زخمی

 وزیرستان :چوکی پر خودکش حملہ کی کوشش ناکام، 7شہری زخمی

پاک فوج کے ہائی الرٹ دستے نے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا حملہ آور خوارج ہلاک ، زخمی ہسپتال منتقل،محسن نقوی کا فورسز کو خراج تحسین

وانا،اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے چیک پوسٹ پردہشتگردوں کا خود کش حملہ ناکام بنا دیا ،7 شہری زخمی ہو گئے ۔ذرائع کے  مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں خوارج بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے آئے تو پاک فوج کے ہائی الرٹ دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔خودکش حملہ آور اور گاڑی کو پوسٹ سے فاصلے پر نشانہ بنانے سے نہ صرف بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ہوا بلکہ حملہ آور خوارج بھی ہلاک ہوگیا۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا کے ایم ایس ڈاکٹر جان محمد کے مطابق خودکش حملے میں زخمی 7 شہریوں کوہسپتال لایا گیا ہے ، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت موثر رسپانس سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا،قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے ۔ وزیرداخلہ نے زخمی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں