تجربات سے سیکھ کر کھلاڑی آگے بڑھتا ہے :بابر
تجربات سے سیکھ کر کھلاڑی آگے بڑھتا ہے :بابر کھلاڑی کو تینوں فارمیٹس کھیلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے ،قومی کرکٹر
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل فائنل جیتنا ٹیم اور شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ قرار دے دیا۔ بابر اعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے انسان کو وہی ملتا ہے جو اس کے نصیب میں ہوتا ہے ، بس صبر اور محنت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی ایک رولر کوسٹر کی طرح ہے جہاں اچھے اور برے دونوں وقت آتے ہیں اور انہی تجربات سے سیکھ کر کھلاڑی آگے بڑھتا ہے ۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین، فیملی اور مداحوں کی دعاؤں کو دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں قریبی لوگوں کی سپورٹ بہت اہم ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ہر میچ کے لیے الگ حکمت عملی اپنائی اور مختلف کنڈیشنز، خاص طور پر لاہور اور کراچی کی پچز کے فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو ایڈجسٹ کیا، جس میں گراؤنڈ سٹاف کا بھی اہم کردار رہا۔ بابر اعظم نے کہا کہ ایک کھلاڑی کو تینوں فارمیٹس کھیلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ صبر اور لمبی اننگز کھیلنے کا ہنر سکھاتی ہے ، جو محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ جیتی گئی ٹرافی پشاور لے جا کر شائقین کے ساتھ خوشی منائی جائے گی۔