آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ 1450 ارب مقرر کرنیکی تجویز

آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ 1450 ارب مقرر کرنیکی تجویز

4.4فیصد اضافے اور پروڈکشن سیکٹر کیلئے 177ارب مختص کرنے کی سفارش سوشل سیکٹر کے لئے 564 ارب مختص ، تجاویز کا جائزہ اجلاس میں لیا جائے گا

لاہور(محمد حسن رضا سے ) پنجاب کے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے ترقیاتی بجٹ 1450 ارب روپے تک مقرر کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے ، جس میں مجموعی طور پر 4.4 فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس مجوزہ ترقیاتی پروگرام میں سوشل سیکٹر کو سب سے بڑی ترجیح دیتے ہوئے 564 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،  جو مجموعی بجٹ کا 38 اعشاریہ 9 فیصد بنتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انفراسٹرکچر سیکٹر کیلئے 380 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ پروڈکشن سیکٹر کیلئے 177 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، جس کا بجٹ میں حصہ 12 اعشاریہ 2 فیصد ہوگا۔ اسی طرح سروسز سیکٹر کیلئے 116 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، جو مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 8 فیصد بنتا ہے۔ دیگر شعبوں کیلئے 150 ارب روپے جبکہ گورننس سیکٹر کیلئے 61 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجٹ تجاویز کے مطابق سوشل سیکٹر کے فنڈز میں 21 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ پروڈکشن سیکٹر کے بجٹ میں 19 فیصد اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ دستاویزات میں دیگر شعبوں کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 130 فیصد تک بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے ۔ ترقیاتی حکمت عملی کے تحت آئندہ مالی سال میں توازن اور استحکام پر خصوصی زور دیا گیا ہے ، جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو نئی ترجیح قرار دیا جا رہا ہے ۔ اسی کے ساتھ ماحولیاتی اور خصوصی نوعیت کے منصوبوں کیلئے فنڈنگ میں نمایاں اضافہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان تمام بجٹ تجاویز کا جائزہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا جائے گا، جہاں ترقیاتی پروگرام کو باقاعدہ شکل دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں