آن لائن فراڈ،متاثرین کا جوڈیشل کمپلیکس کے باہراحتجاج
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے)گولڈ باکس اور جی ایل بی ایکس ایپ کے ذریعے کروڑوں روپے ہتھیانے کا الزام اور اسلام آباد میں بڑے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ معاملہ میں متاثرین کی کثیر تعداد جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئی اور کمپنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔۔۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہناتھا کہ ہماری لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے۔ ،این سی سی آئی اے نے تین غیر ملکیوں اور خاتون ملزمہ کو گرفتار کر رکھا ہے ،پاکستانیوں کے چار سے 5 ارب لوٹ لئے گئے ،وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل اور چیف جسٹس ہمیں انصاف دلوائیں۔270 متاثرین سے 13 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد وصولی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا،بلیو ایریا اسلام آباد سے مبینہ فراڈ نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا،مقدمہ پیکا ایکٹ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کے معاملہ میں گرفتار تین غیر ملکی مردوں اور ایک خاتون کومزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے حکام کے حوالے کردیا گیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزموں کو عدالت پیش کرتے ہوئے مزید27روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔