ڈیجیٹل بہتر خدمات کیلئے سنگل ونڈو اور این آئی ٹی بی کا معاہدہ
شراکت داری کا مقصد سرکاری خدمات آسان، مربوط اور کلک کی دوری پر لانا
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی منصوبے کو تیز کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت کے طور پر پاکستان سنگل ونڈو اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ڈیجیٹل معیشت بہتری منصوبے کے تحت عوامی خدمات کی ڈیجیٹل تشکیل اور باہمی ربط کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ اسلام آباد میں تقریب اس شراکت داری کا آغاز ہے جس کا مقصد دونوں اداروں کی فنی مہارت، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کیلئے آسان، مربوط اور عوام دوست ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنا ہے ۔ اس تعاون کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بطور فنی شراکت دار پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ مل کر منتخب خدمات کی نشاندہی، خاکہ سازی، ڈیجیٹل تشکیل اور انہیں پاکستان کے متحدہ شہری خدماتی نظام میں شامل کرنے پر کام کرے گا۔
اس شراکت داری کی توجہ خدماتی ربط، دفتری طریقۂ کار میں بہتری، خودکار رابطہ نظام، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور شہری مرکز خدمات کی فراہمی پر ہوگی۔ پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا: پاکستان سنگل ونڈو میں ہمارا مقصد ہمیشہ ڈیجیٹل اعتماد کو فروغ دینا اور ان رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے جو معاشی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر فیصل ممتاز نے کہا پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ تعاون ہمیں عملی مہارت فراہم کرے گا جس سے اہم عوامی خدمات کو ایک متحدہ ڈیجیٹل نظام میں تیزی سے شامل کرنے میں مدد ملے گی۔