شہداد پور:ٹرک پھاٹک توڑکر ٹرین میں جاگھسا، ڈرائیور جاں بحق

شہداد پور:ٹرک پھاٹک توڑکر ٹرین  میں جاگھسا، ڈرائیور جاں بحق

شہداد پور، حب (نمائندگان دنیا)شہداد پور میں ٹرک پھاٹک توڑ کر ٹرین میں جا گھسا، جس سے ڈرائیور جاں بحق اور کلینر زخمی ہوگیا، جبکہ وندر میں کراچی جانیوالی کوچ جل گئی۔

 تفصیلات کے مطابق شہدادپور کے قریب ریلوے پھاٹک پر تیز رفتار 10ویلر مزدا ٹرک بریک فیل ہونے پربند پھاٹک توڑتے ہوئے کراچی سے پنجاب جانیوالی پاک بزنس ایکسپریس سے جا ٹکرایا۔ حادثہ انتہائی خوفناک تھا جس کے نتیجے میں مزدا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق اور کلینر زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مزدا ٹرک کا آدھا حصہ ٹرین کے انجن میں پھنس گیا اور ٹرین اسے دو کلومیٹر تک گھسیٹتی رہی۔ واقعے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی جبکہ پولیس،  ریلوے حکام اور مقامی افراد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہوگئے ، ریلوے انتظامیہ کے مطابق زخمی کلینر کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حادثے کے باعث ٹرین مسافر ایک گھنٹے سے زائد وقت تک اندھیرے میں شدید پریشانی کا شکار رہے ۔ ادھر وندر کے قریب کوچ میں آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کوچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کوچ پنجگور سے کراچی جارہی تھی، آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا، اور آگ پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہوگیا۔ آگ لگنے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے کے باعث کوچ مکمل جل کر خاکستر ہوگئی، شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو ئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں