لاہور سمیت مختلف علاقوں میں آج سے شدید گرمی کی لہر

 لاہور سمیت مختلف علاقوں میں آج سے شدید گرمی کی لہر

سندھ ، جنوبی پنجاب میں بھی درجہ حرارت 42ڈگری سے بڑھنے کا خدشہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

اسلام آباد ، لاہور(اے پی پی،آئی این پی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بروز منگل سے 26 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ ، جنوبی پنجاب ، مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوزکرنے کا خدشہ ہے ،پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے۔ 

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہری شدید دھوپ اور گرمی کی اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں ۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ 4 روز کے دوران شدید موسمی صورتحال کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج سے 23مئی کے دوران شمالی علاقہ جات میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشئرز پگھلنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے ، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ،اس حوالے سے جاری الرٹ میں متعدد علاقے حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں