اسلام آباد میں بھی دکانوں، مارکیٹوں کے اوقات کار پر پابندی ختم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تناظر میں کاروباری اوقات سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں تمام دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، کریانہ، گوشت، پھل و سبزی فروشوں، بیکریز اور ڈرائی فروٹ شاپس کو پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں جاری نوٹیفکیشن فوری نافذ العمل اور اطلاق 31 مئی 2026 تک جاری رہے گا۔ شادی ہالز اور دیگر تقریباتی کمرشل مقامات (مارکیز) کو رات دس بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق یہ فیصلہ عوامی سہولت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ متعلقہ انتظامی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس نوٹیفکیشن سے عام شہریوں اور کاروباری افراد میں اطمینان پایا جا رہا ہے۔