اسلام آبادہائیکورٹ:ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو ،سی ڈی اے کونوٹس
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے مزید 20اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈر کی انٹراکورٹ اپیل پر سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ تک جواب طلب کرلیا۔
احسان مانی ،سابق ایئر چیف مجاہد انور خان سمیت 20افراد کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کے دوران موقف اختیار کیاگیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے پیرا 30 سے اپیل کنندگان کے حقوق متاثر ہوئے ،اپیل کنندگان کے اپارٹمنٹ پر قبضے کے ساتھ حقوق تسلیم شدہ ہیں۔،رہائشی ٹاورز بی اور سی کی تعمیر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق ہوئی۔،2023 میں لیز منسوخی پر سی ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا،دونوں رہائشی ٹاورز کا انتظام اور روزمرہ امور چلانے کے لیے رہائشیوں کے ساتھ مل کر کمیٹی بنائی گئی،لیز منسوخی کے بعد سی ڈی اے کی نگرانی میں قائم کمیٹی کے تحت اپیل کنندگان رہائش پذیر ہیں،اپیل کنندگان کو قانونی طور پر حقوق حاصل ہیں جس کے تحت وہ لیز منسوخی کے بعد بھی رہائش پذیر رہے۔
استدعاہے کہ اپیل کنندگان کو سب لیز کے تحت حاصل حقوق قانونی اور موثر قرار دیئے جائیں،سی ڈی اے کو اپارٹمنٹس پر اپیل کنندگان کے پر امن قبضہ میں مداخلت سے روکا جائے ،سنگل بینچ کے عدالتی فیصلے کے پیراگراف 30 کو کالعدم قرار دیا جائے ،جسٹس اعظم خان نے کہاکہ نوٹس جاری کر رہے ہیں ،بدھ کو سی ڈی اے کو بلا لیتے ہیں ،آپ بھی تیاری کر کے آئیں،وکیل علی رضا نے کہاکہ عدالت اپارٹمنٹ مالکان کو تحفظ فراہم کرے ، وزیر اعظم کی کمیٹی بھی بنی ہوئی ہے ،ہم چاہتے ہیں عدالت اپارٹمنٹ مالکان کے تحفظ فراہم کرنے سے متعلق کوئی آرڈر جاری کردے۔