ایف بی آر اصلاحات :عالمی بینک کی معاونت کی یقین دہانی

 ایف بی آر اصلاحات :عالمی بینک کی معاونت کی یقین دہانی

سینیٹر اورنگزیب کی عالمی بینک وفد سے ملاقات، ادارہ جاتی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک وفد سے ملاقات ہوئی جس میں معاشی اصلاحات اور ادارہ جاتی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے ایف بی آر میں ٹیکنالوجی، آٹومیشن اور ڈیجیٹل اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔عالمی بینک نے میڈیم ٹرم ریونیو سٹرٹیجی اور ایف بی آر اصلاحات کیلئے تکنیکی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر خزانہ نے مقامی قرض اور کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے ، بینک فنانسنگ پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اورعالمی بینک اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے اورجامع اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے ۔علاوہ ازیں وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے چیئرمین پیورا بلال بن ثاقب سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان جدید اور مستقبل بین مالیاتی ٹیکنالوجیز کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے پرعزم ہے ۔ ملاقات میں خودمختار قرضہ جاتی آلات اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کی ٹوکنائزیشن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ گورننس، شفافیت، ٹیکنالوجی کا انضمام اور پالیسی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا حکومت کی اصلاحاتی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔ ایف پی سی سی آئی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے شراکت داروں سے مشاورت پالیسی سازی کا اہم حصہ رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں