بینچ اور بار کا تعاون مؤثر انصاف کیلئے ناگزیر :چیف جسٹس

 بینچ اور بار کا تعاون مؤثر انصاف کیلئے ناگزیر :چیف جسٹس

بار کے مسائل کا مربوط ادارہ جاتی کوششوں کے ذریعے حل نکالاجائے گا چیف جسٹس یحیی آفریدی سے ملتان ،خانیوال و دیگر بارز کے وفود کی ملاقات

اسلام آباد(اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ مؤثر اور تیز تر انصاف کی فراہمی کیلئے بینچ اور بار کے درمیان مسلسل تعاون اور تعمیری روابط ضروری ہیں، بار نظامِ انصاف کا اہم سٹیک ہولڈر ہے ۔چیف جسٹس یحیی آفریدی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ملتان، خانیوال، بہاولپور اور سرگودھا جبکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز بنوں اور بہاولپور کے وفود نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بار وفود نے بار سہولیات، عدالتی انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل رابطے اور وکلا کی پیشہ وارانہ تربیت سے متعلق مسائل سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا۔وفود نے عدالتوں میں صاف پینے کے پانی، عدالتی کمپلیکسز کی سولرائزیشن، خواتین کے سہولت مراکز، بار رومز، شجرکاری، انٹرنیٹ کنکٹیویٹی، ویڈیو لنک اور ای فائلنگ سہولیات کی فراہمی کے امور بھی اٹھائے ۔ملاقات میں ای لائبریریوں کے قیام اور وکلا کیلئے تربیتی مواقع فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف جسٹس یحیی آفریدی نے جاری عدالتی اصلاحات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ اور قومی جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی انصاف تک رسائی بہتر بنانے اور عدالتی خدمات کی کارکردگی و معیار میں بہتری کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔انہوں نے ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے بلاتعطل بجلی، خواتین کیلئے سہولیات، ای لائبریریوں اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی پر خصوصی زور دیا۔چیف جسٹس نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سہولیات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو بار وفود کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کاری کی ہدایت کی۔ انہوں نے شجرکاری مہم کیلئے محکمہ جنگلات سے رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔چیف جسٹس نے بار نمائندگان کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا بغور جائزہ لے کر مربوط ادارہ جاتی کوششوں کے ذریعے حل نکالاجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...