ای سی سی:غیر ملکی سپلائرز اکاؤنٹ پر تیل درآمد کرنیکی اجازت

ای سی سی:غیر ملکی سپلائرز اکاؤنٹ پر تیل درآمد کرنیکی اجازت

کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم کے فور منصوبے کیلئے 7ارب 79کروڑمنظور گندم وصول کنندہ اداروں کو پاسکو ذخائر سے 85فیصد مقامی ، 15 فیصد درآمدی شرح سے فراہمی ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کیلئے فرنٹیئر کور کو 56کروڑ 70لاکھ دینے کی منظوری

اسلام آباد(اے پی پی ، مانیٹرنگ ڈیسک) ای سی سی نے پاسکو کی گندم وصول کنندہ اداروں کو فراہم کرنے ، غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے ، روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی۔وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز سے متعلق 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پاسکو کے گندم ذخائر تمام وصول کنندہ اداروں کو 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی کی شرح سے فراہم کرنے کی سمری کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پٹرولیم مصنوعات غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر کسٹمز بانڈڈ سٹوریج سہولیات کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز بھی منظور کرلی اس تجویز کا مقصد آئل اور گیس کے شعبے میں ملک کے توانائی کے تحفظ کے بنیادی ستونوں کو ترقی اور مضبوط بنانا ہے جن میں مقامی پیداوار، سٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی ترقی اور کسٹمز بانڈڈ سٹوریج سہولیات کا فروغ شامل ہے تاکہ پٹرولیم کی مضبوط اور پائیدار سپلائی چین یقینی بنائی جا سکے۔

ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان پہلے طے پانے والے بین الحکومتی معاہدے کی روشنی میں سیل پرچیز ایگریمنٹ کی بھی منظوری دے دی، اس معاہدے کا مقصد توانائی کے شعبے میں او کیو ٹریڈنگ اور پی ایس او کے درمیان تعاون کو فروغ اور ترقی دینا ہے ۔ ای سی سی نے ڈیفنس ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین کے ساتھ رابطہ کرتے ہوئے تصفیے کے لیے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی۔ڈیفنس ڈویژن کی ایک اور سمری پر ای سی سی نے پی آئی اے آئی ایل اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان طے شدہ ٹرم شیٹ کی بنیاد پر 153.855 ملین امریکی ڈالرجو پاکستانی روپے کے مساوی ہوں گے ، ان کی حکومتی ضمانت کی منظوری دے دی ۔ ای سی سی نے واٹر ریسورسز ڈویژن کی جانب سے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے فور منصوبہ) کے لیے 7 ارب 797 کروڑ 16 لاکھ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی تجویز بھی منظور کرلی ۔یہ رقم حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ کے ذریعے منتقل کی گئی تھی۔ای سی سی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات ڈویژن کی جانب سے فنانس ڈویژن کی بچت سے فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) کے لیے 56 کروڑ 70 لاکھ 32 ہزار روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی تجویز بھی منظور کرلی جس کا مقصد ریکوڈک منصوبے کی سرگرمیوں کی سکیورٹی کو ہموار بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...