پنجاب: بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں مکمل ، لاہور 433 یونین کونسلز میں تقسیم
آبادی کے لحاظ سے لاہور پنجاب کا سب سے بڑا اربن شہر قرار،رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ ساڑھے 17 لاکھ شہر 9 ٹاؤنز میں تقسیم، ماڈل ٹاؤن 77 یونین کونسلز کے ساتھ پہلے ، واہگہ ٹاؤن کا آخر ی نمبر :حاصل اعدادوشمار
لاہور (عمران اکبر) پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات 2026-27 سے پہلے لاہور کا نیا سیاسی نقشہ سامنے آگیا، آبادی کے لحاظ سے لاہور صوبے کا سب سے بڑا اربن شہر قرار، 433 یونین کونسلز اور 9 ٹاؤنز میں تقسیم، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ دنیا نیوز نے نئی حلقہ بندیوں، یونین کونسلز کی تعداد، آبادی اور رجسٹرڈ ووٹرز کے مکمل اعدادوشمار حاصل کر لیے ۔مزید تفصیلات کے مطابق صوبے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا الٹی میٹم بج گیا، تیاریوں کو حتمی شکل دی جانے لگی، 2015 کے بلدیاتی انتخابات کے گیارہ سال بعد بالآخر حکومت پنجاب نے نئی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر لیا، شہروں کی حد بندیوں کے بعد حلقہ بندیاں بھی مکمل ہو گئیں۔ لاہور کو آبادی کے لحاظ سے پنجاب کا سب سے بڑا اربن شہر قرار دیا گیا ہے ، جہاں 433 یونین کونسلز قائم کی گئی ہیں۔دستاویزات کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے تحت لاہور میں ایک کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار 82 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں اور شہر کو 9 ٹاؤنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر 433 یونین کونسلز قائم کی گئی ہیں، جن میں ماڈل ٹاؤن کی 77، شالامار ٹاؤن کی 72، سٹی ٹاؤن کی 68، راوی ٹاؤن کی 52، نشتر ٹاؤن کی 40، علامہ اقبال ٹاؤن کی 37، رائیونڈ ٹاؤن کی 32، صدر کینٹ ٹاؤن کی 29 اور واہگہ ٹاؤن کی 25 یونین کونسلز شامل ہیں۔دستیاب ریکارڈ کے مطابق ماڈل ٹاؤن کو آبادی اور ووٹرز کے اعتبار سے سرفہرست قرار دیا گیا ہے ، جہاں 77 یونین کونسلز میں 22 لاکھ 51 ہزار 687 ووٹرز ہیں۔ شالامار ٹاؤن آبادی اور ووٹرز کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں 72 یونین کونسلز میں 21 لاکھ 38 ہزار 324 افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔لاہور سٹی اس اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے ، جہاں 68 یونین کونسلز میں 19 لاکھ 77 ہزار 531 ووٹرز ہیں۔ راوی ٹاؤن 52 یونین کونسلز اور 14 لاکھ 68 ہزار 214 ووٹرز کے ساتھ چوتھے ، نشتر ٹاؤن 40 یونین کونسلز اور 10 لاکھ 38 ہزار 241 ووٹرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔اسی طرح اقبال ٹاؤن 37 یونین کونسلز اور 9 لاکھ 82 ہزار 710 افراد کے ساتھ چھٹے ، رائیونڈ ٹاؤن 32 یونین کونسلز اور 7 لاکھ 42 ہزار 190 افراد کے ساتھ ساتویں، صدر کینٹ ٹاؤن 29 یونین کونسلز اور 6 لاکھ 31 ہزار 660 افراد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے ، جبکہ واہگہ ٹاؤن آبادی اور ووٹرز کے اعتبار سے نواں اور سب سے چھوٹا ٹاؤن قرار دیا گیا ہے ، جہاں 25 یونین کونسلز میں 5 لاکھ 19 ہزار 419 ووٹرز بتائے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments