جے یوآئی کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان کرینگے :شاہدخٹک

 جے یوآئی کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان کرینگے :شاہدخٹک

فی الحال اتحاد پارلیمان تک محدود، مستقبل میں سڑکوں پر بھی ساتھ آسکتے ہیں حکومت نے توہین عدالت کی ، اب امتحان سپریم کورٹ کا :‘‘دنیا مہربخاری کیساتھ’’

 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما شاہد خٹک نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں آئے ہوئے ہمیں دو سال سے زائد عرصہ ہوگیا ہے ، آج پہلی بار ہماری بیٹھک ہوئی، جس میں تمام اپوزیشن جماعتیں، بشمول جے یو آئی، پی ٹی آئی اور وحدت المسلمین، پہلی دفعہ ایک ساتھ بیٹھیں۔ ابھی تو یہ آغاز ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہربخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے  ہوئے شاہد خٹک نے کہا کہ عمران خان نے یہی کہا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں، بشمول جے یو آئی، سے بات کریں۔ جماعتیں ایک چھوٹے ایجنڈے پر آپس میں بیٹھتی ہیں۔ ہمارا موقف بھی یہی تھا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے اور فارم 47 کے ذریعے معاملات چلائے گئے ہیں۔ جے یو آئی کا بھی یہی موقف تھا، اس لیے بہت سی چیزیں ایسی تھیں جن پر ہماری اور جے یو آئی کی رائے یکساں تھی۔ ہمارا اتحاد ایشوز کی بنیاد پر ہے ۔ کچھ ارکان کی خواہش تھی کہ یہ اتحاد پارلیمان تک محدود نہ رہے بلکہ سڑکوں تک جائے ، تاہم فی الحال ہمارا اتحاد پارلیمان کی حد تک ہے۔

ماضی میں جے یو آئی سے کافی اختلافات تھے ، اب ہم ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں گے ۔ جے یو آئی ایک بڑی جماعت ہے ، اسی طرح پی ٹی آئی بھی ملک کی بڑی جماعت ہے ۔ جو بھی معاملات زیر غور آئیں گے ، حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے ۔ وہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کس حد تک معاملات پر اتفاق کرتے ہیں، اس کا فیصلہ بھی وہی کریں گے ۔ آج ہم پہلی بار ایک ساتھ بیٹھے ہیں، ہوسکتا ہے کہ ہم ڈی چوک پر بھی ساتھ بیٹھیں اور ایک کنٹینر پر بھی کھڑے ہوں۔ تاہم ابھی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ سڑکوں پر نکلنے کے حوالے سے کوئی بات طے نہیں ہوئی۔ اسد قیصر کچھ معاملات پر بات چیت کر رہے ہیں۔توہین عدالت کی درخواست سے متعلق انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کیا جائے ، حکومت انہیں شفا ہسپتال نہیں لے کر گئی، یہ حکومت کی جانب سے توہین عدالت ہے ۔ سپریم کورٹ نے پمز ہسپتال منتقل کرنے کا حکم نہیں دیا تھا۔ اب امتحان سپریم کورٹ کا ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے اور عدالتی حکم پر عمل نہ ہونے پر کیا کارروائی کرتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...