پشاور ہائیکورٹ :بجلی بل میں تفصیل بتائے بغیر ٹیکسز وصولی روک دی
بل کے بارکوڈ سے ایکسٹرا اور فردر ٹیکس کاپتاچلا،جوپہلے شامل نہیں تھے :درخواست گزار اسی نوعیت کی دیگر درخواستیں یکجا کرکے فریقین کو نوٹس جاری ،سماعت 2 ستمبر تک ملتوی
پشاور(دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے بجلی بل میں تفصیل بتائے بغیر ٹیکسز وصول کرنے سے روک دیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں بجلی کے بل میں مختلف ٹیکسز کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔ عدالت نے درخواست گزارکے بجلی بل میں تفصیل بتائے بغیر ٹیکسز وصول کرنے سے روک دیا جبکہ اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کو یکجا کرکے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق درخواست گزار بجلی کے بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کرتا ہے۔
اگست کے بجلی بل میں بغیرکسی وضاحت کے غیرضروری ٹیکسز شامل کیے گئے ۔ عدالتی آرڈر میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزارکے مطابق متعلقہ حکام نے انہیں بل کے بارکوڈ کو ڈی کوڈ کرنے کا کہا کہ بارکوڈ کو ڈی کوڈ کرنے پرپتا چلا کہ بجلی بل میں ایکسٹرا ٹیکس اور فردر ٹیکس وصول کیے گئے ہیں، جبکہ اس سے پہلے کبھی بجلی کے بل میں یہ ٹیکسز شامل نہیں کیے گئے تھے ۔ پشاور ہائیکورٹ نے درخواست کی مزید سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments