اسمبلی سیشن سے مطلوبہ مقاصد حاصل ،ارکان کی دلچسپی ختم ہوگئی

اسمبلی سیشن سے مطلوبہ مقاصد حاصل ،ارکان کی دلچسپی ختم ہوگئی

حکومت کو کارروائی جاری رکھنے میں دلچسپی نہ رہی ، اشاروں کنایوں میں پیغامات کورم نہیں ہے آگے بڑھو!حکومتی و اپوزیشن بینچوں سے کورم توڑنے کا کھیل شروع عمران کا اسمبلیوں سے نکلنے کا ایجنڈا بلڈوز ،پی ٹی آئی کو کمیٹیوں میں لانے کی کوششیں

 اسلام آباد (سہیل خان) پارلیمنٹ میں کورم توڑنا سوچا سمجھا منصوبہ، عمران خان کا اسمبلیوں سے نکلنے کا ایجنڈا بلڈوز کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی میں اہم ترین قومی معاملات کے باوجود حکومتی اور اپوزیشن بینچوں سے حیران کن طور پر کورم توڑنے کا کھیل شروع ہوگیا  جس کے باعث ایوان کی کارروائی چند منٹ ہی جاری رہ سکی۔ اشاروں کنایوں میں پیغامات دئیے جاتے رہے کہ کورم نہیں ہے ، آگے بڑھو۔ اجلاس شروع ہوا تو کورم پہلے ہی پورا نہیں تھا جبکہ حکومت کو بھی کارروائی جاری رکھنے میں زیادہ دلچسپی دکھائی نہیں دی، شاید اس سیشن سے مطلوبہ مقاصد حاصل ہوچکے تھے ۔ سپیکر نے اجلاس کی کارروائی معطل کردی اور تقریباً ایک گھنٹے تک ایوان میں خاموشی چھائی رہی۔بعد ازاں کارروائی دوبارہ شروع ہوئی اور گنتی کرائی گئی تو پیپلزپارٹی کو کورم پورا نہ ہونے کی فکر لاحق ہوئی جس پر اس کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے۔

دوسری جانب حکومت بھی کورم پورا کرنے کے لیے زیادہ متحرک نظر نہیں آئی، یوں اجلاس عملاً ختم ہوگیا جبکہ ایوان میں آنے کے لیے تیار رہنما وہیں رک گئے ۔موجودہ حکومتی سیٹ اپ جسے متحدہ اپوزیشن جعلی فارم 47 کی پیداوار قرار دیتی رہی ہے ، کے آئینی جواز کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور فی الحال تمام فریق سہولت کار بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی سے حکومتی انتظام کو تسلیم کروانے کے لیے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کا راستہ ہموار کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اس واپسی کو مجبوری قرار دیتی دکھائی دے گی اور مؤقف اختیار کرے گی کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل کے باعث اسے کمیٹیوں میں واپس آنا پڑا۔ اس طرح عمران خان کا اسمبلیوں سے نکلنے کا ایجنڈا عملاً بلڈوز ہوکر رہ جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...