سینیٹ کمیٹی کابجلی و سڑک منصوبوں میں تاخیر پراظہارتشویش
مختلف منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے ،نیب کو ہدایات
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے غیر ملکی فنڈز سے جاری بجلی اور سڑکوں کے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، شفافیت کے فقدان اور تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت اقدامات کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے سندھ کے ایمرجنسی فلڈ اسسٹنس پراجیکٹ سمیت مختلف منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا، جس میں سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، سینیٹر رانا محمود الحسن اور سینیٹر سید وقار مہدی نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ کمیٹی کی متفقہ سفارشات کی روشنی میں 765 کے وی داسو، اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے اور اے سی آر ایس بنٹنگ کنڈکٹر منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے اور نیب کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے ٹیکس سے مستثنیٰ سکیموں کے تحت درآمد کیے گئے سامان کے مبینہ غلط استعمال کا سراغ لگانے پر ایف آئی اے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ عوامی فنڈز کا تحفظ اور احتساب کمیٹی کی اولین ترجیحات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments