ایک ہزار ارب کا ترقیاتی بجٹ، 4 ماہ میں صرف 103ارب 87 کروڑ خرچ
وفاقی وزارتوں کے 682 ارب میں سے 74 ارب ، کارپوریشنز کے ساڑھے 312 ارب میں سے 29 ارب خرچ ہوسکے کامرس ، کمیونیکیشن ، کشمیر افیئرز ، پٹرولیم ڈویژنز اور وزارت مذہبی امور کے منصوبوں کیلئے کوئی فنڈز جاری نہیں ہوئے
اسلام آباد (نمائندہ دنیا) جولائی سے اکتوبر کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر صرف 103 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ پلاننگ کمیشن کی دستاویزات کے مطابق پانچ وزارتوں کو پہلے چار ماہ کے دوران ترقیاتی بجٹ جاری نہیں کیا جا سکا۔وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 682 ارب 48 کروڑ روپے میں سے 74 ارب 65 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ کارپوریشنز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 312 ارب 51 کروڑ روپے میں سے 29 ارب 22 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ۔ وفاقی پی ایس ڈی پی 2026-27 کے تحت مجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق صوبوں اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 233 ارب 38 کروڑ روپے مختص کیے گئے جن میں سے 23 ارب 80 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ این ایچ اے کے منصوبوں کے لیے 224 ارب 51 کروڑ روپے مختص کیے گئے جن میں سے 13 ارب 29 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
آبی وسائل ڈویژن کے منصوبوں کے لیے مختص 103 ارب 8 کروڑ روپے میں سے 18 ارب 72 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جبکہ پاور ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 88 ارب روپے میں سے 15 ارب 92 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔دستاویزات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 46 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے چار ماہ کے دوران 4 ارب 71 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 40 ارب 65 کروڑ روپے میں سے 4 ارب 65 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جبکہ وزارت تعلیم کے 36 ارب 31 کروڑ روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے 6 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔دستاویزات کے مطابق کامرس ڈویژن، کمیونیکیشن ڈویژن، کشمیر افیئرز ڈویژن، پٹرولیم ڈویژن اور وزارت مذہبی امور کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جولائی سے اکتوبر کے دوران کوئی ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments