ہماری ضرورت نہیں تو وزیراعظم اشارہ کریں،مستعفی ہو جاؤں گا:چودھری سالک
کرپشن کی بات پر قائم ،ثبوت پیش کروں گا ، میڈم نے بیلو دی بیلٹ بیان دیا ، سیاست میں ہیں تو عورت کارڈ نہ کھیلیں نوٹس کا جواب تیار،جلد بھیج دونگا، میرے پاس ایسی چیزیں ہوسکتیں جو سامنے نہیں آئیں، یہ عدالت میں پتہ چلے گا :انٹرویو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ کرپشن کو کسی سازش کے ساتھ لنک نہ کیا جائے ، اگر وزیراعظم شہباز شریف اشارہ کریں گے تو ہم استعفیٰ دیدیں گے ، ایک ٹی وی انٹرویو میں وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال سے ڈپٹی کمشنر موجود تھیں کوئی مسئلہ نہیں تھا، بہتر ورکنگ کوآرڈی نیشن تھی، ڈیڑھ سال پہلے ہماری بات ہوئی تھی ہم نے کہا تھا ایسا ڈی سی لگائیں جن کا اربن ڈ ویلپمنٹ کا تجربہ ہو، جب ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی ہوگئی تو ہم نے کوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے غلط انفارمیشن کی وجہ سے یہ بیان دیا، انھوں نے جو بیان دیا یہ باتیں ایک حکمران کو زیب نہیں دیتیں ، ابھی تو عام انتخابات میں ڈھائی سال پڑے ہیں، مجھے نہیں پتا یہ کونسے الیکشن کی بات کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر چودھری سالک حسین نے کہا کہ میں اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا کیونکہ یہ حقیقت ہے ، نوٹس کا جواب تیار ہے ،جلدبھیج دوں گا، انہوں نے مزید کہا کہ اب میں کچھ کہوں گا تو ان کی نمبر تھری آجاتی ہیں یا غالباً ان کی نمبر ٹو ہیں، پھر ان کی نمبر ٹو آجاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ شرم آنی چاہیے خواتین سے متعلق بات کرنے پر، اگر آپ سیاست میں ہیں تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں۔انھوں نے کہا کہ آپ سیاست میں ہیں اور ایسی گھٹیا بات کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت پر آج تک کرپشن کا الزام نہیں ،انہوں نے صرف عزت کمائی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے والد سے پوچھنا چاہیے کہ ان کو زیادہ پتا ہوگا کہ چو دھری شجاعت کس طرح کی شخصیت ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ساری بات اپنے اوپر لے لی ، اس کا کیا مطلب ہے ؟ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پراجیکٹ یا منصوبے میں کرپشن ہوئی تو میں ذمہ دار ہوں، وہ آئے دن کر کیا کررہی ہیں؟ کرپشن کے خلاف ہی کریک ڈاؤن کررہی ہیں نا، کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی، زیادہ کھل کر سامنے آگئی ہے ، کبھی انٹرویو دیتے وقت نہیں پوچھا کہ سوالات کیا ہوں گے ، اگر مجھ سے پوچھا جاتا کہ کے پی میں بڑی کرپشن ہو رہی ہے تو میں کہتا جی بالکل ہو رہی ہے ۔
سالک حسین نے کہا میرے بیان کے آدھے گھنٹے بعد ہی وزیراطلاعات پنجاب نے جارحانہ پریس کانفرنس کی،ان کی وزیراطلاعات جس طرح مخاطب ہوتی ہیں اور بات کرتی ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ جواب بھی دوں، وفاقی وزیراطلاعات سے ملاقات ہوئی تو انھوں نے پوچھا تو ساری بات ان کو بتائی، انھوں نے کہا کہ شام کو میں بیان کی وضاحت دے دوں گا، پھر ان کا بیان بھی آیا۔چودھری سالک نے کہا بات وہیں ختم ہوجاتی لیکن میڈم جب اٹک گئیں ،نجانے ان کو کس نے کہا کہ اس طرح کی باتیں کردیں۔ میں انا یا ذاتی مفاد کے لیے بات نہیں کرتا، عزت نفس کو چھیڑیں گے تو رد عمل دوں گا،میں نے یہ نہیں سوچا کہ میرا بھائی بھی پنجاب حکومت میں ہے تو یہ بات نہ کروں محتاط رہوں، جو حقیقت ہے وہ حقیقت ہے ۔ثبوت ضرور پیش کروں گا ہوسکتا ہے کہ میرے پاس کچھ ایسی چیزیں ہوں جو ابھی سامنے نہیں آئیں، یہ تو عدالت میں پتاچلے گا، عدالت میں تو انہوں نے مجھے لے کر جانا ہے ۔ پاکستان کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ صوبے کی چیف ایگزیکٹو نے کسی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا۔ میں نے تو پنجاب حکومت کی بات کی انہوں نے اپنے اوپر لے لیا، ایسی چیزوں کی نشاندہی کرنا کسی کی ہتک عزت نہیں، مجھ سے وزیراعظم نے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا، وفاقی وزیر اطلاعات کی معاملے کو ٹھیک کرنے کی کوشش وزیر اطلاعات پنجاب نے خراب کردی۔ میڈم کا خود بھی غالباً کل والا بیان تو بہت بیلو دی بیلٹ ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا جو ملک سے باہر بیٹھے ہیں ہمارا ان سے کیا لینا دینا ہم نے ان کے خلاف الیکشن لڑا ہے ، یہ ہمیں ان کے ساتھ ملا رہے ہیں شاید ہمیں نیچا دکھانے کے لیے ، انھوں نے چودھری شجاعت حسین کو ق لیگ کی صدارت سے بھی ہٹانے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا ہماری نیت اتحاد کے وقت بھی ٹھیک تھی اب بھی ٹھیک ہے ، آئندہ کیا ہوتا ہے یہ ان کا ظرف ہے ، 2025 میں ایلیٹ فورس دی تھی اور اب انھوں نے واپس لے لی، ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو کہا گیا اگر رات 12 تک واپس نہ آئے تو معطل کر دیا جائے گا۔اپنی بات پر قائم ہوں ، پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے ،پنجاب میں ماورائے عدالت ہونے والے قتل پر بھی تشویش ہے ،میں کہیں جا کر نہیں بیٹھا،نہ مستقبل کی تیاری کر رہا ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments