سالک حسین کی گفتگو سے لگ رہا وہ حواس کھو بیٹھے :عظمیٰ بخاری
موصوف چودھری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنا شروع ہوگئے :گفتگو بانی کی صحت کا خیال رکھنا ہمارے لئے ضروری : ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سالک حسین کی گفتگو سے لگ رہا وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں، چودھریوں کے خاندان کو پہلے امتحان میں مونس نے ڈالا ،دوسرے امتحان میں سالک نے ڈال دیا ہے ۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چودھریوں کی وضع دار اور رکھ رکھا ؤوالی سیاست کو ان دو نالائق بچوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے ، جس شریف خاندان نے انہیں چودھری بنایا ان کو دھوکہ دینے کی ان کی ایک تاریخ بن گئی ہے ۔ موصوف چودھری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنا شروع ہوگئے ہیں، جو خواتین کی تضحیک کریں وہ کم از کم وضع دار نہیں ہو سکتے ، ایک ہفتے سے مریم نواز کے نوٹس کا جواب نہیں دے سکے ، اگر نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر جائیں۔ کرپشن کا راگ بھی الاپتے ہیں، فنڈز بھی مانگتے ،یہ دوغلی سیاست کیسے کرلیتے ؟ مریم نواز نے گجرات میں جو کام کر دیئے ہیں وہ آپ کی تین نسلیں بھی نہیں کر سکیں، مریم نواز نے گجرات کو اس کا وہ حق دیا ہے جو 50 سال سے ظہور الٰہی،شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نہیں دے سکے ۔ ٹی وی پر بھاشن مت دیں، استعفیٰ دیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں، آپ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔دریں اثنا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق حکومت کی طرف سے ہونے والی باتوں میں کوئی تضاد نہیں ہے ، جن کو پتا ہوتا ہے ان کو پتا ہوتا ہے ،میڈیا کو بعد میں پتا چلتا ہے ،بانی پی ٹی آئی کی صحت کی ضروری چیزیں ہیں، ان کے فالو اپ ، ان کی صحت ہمارے لئے بہت اہم ہے ، پروگرام \'\'دنیا مہربخاری کے ساتھ\'\'میں گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بانی کی صحت کا خیال رکھنا ہمارے لئے بہت ضروری ہے ،ان کے علاج کے حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments