پمز مبینہ جعلی ہاؤس جاب سرٹیفکیٹس وزیر صحت سے جواب طلب

پمز مبینہ جعلی ہاؤس جاب سرٹیفکیٹس  وزیر صحت سے جواب طلب

اسلام آباد ( دنیا نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت کے اجلاس میں پمز میں 24 ڈاکٹروں کو مبینہ طور پر جعلی ہاؤس جاب سرٹیفکیٹس جاری کئے جانے کا معاملہ اٹھا یا گیا۔

کمیٹی کی رکن ڈاکٹر شازیہ سومرو نے اس معاملے پر وفاقی وزیر صحت سے وضاحت طلب کی، جس پر مصطفیٰ کمال نے کہا اس معاملے کو آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے ۔، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی زیر صدارت اجلاس میں پمز آتشزدگی کے واقعے کی انکوائری، ہسپتال کے انتظامی معاملات ،اصلاحات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ، وفاقی وزیر صحت نے سانحئہ پمز کی تحقیقات کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا کہ انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کیا جا چکا ہے ، جبکہ مزید تحقیقات وزارت داخلہ کے سپرد ہیں ، اس موقع پر ڈاکٹر شازیہ سومرو اور وزیر صحت کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ ڈاکٹر شازیہ سومرو نے کہا سانحئہ پمز کے معاملے پر دو ماہ سے صرف کہانیاں سنائی جا رہی ہیں، تین سال کے دوران پمز ہسپتال کو 22 ارب روپے فراہم کئے گئے ،فنڈز کی آڈٹ رپورٹ پیش کی جائے ، وزیر صحت نے اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس منصوبے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ مجوزہ ہسپتال کی گنجائش 300 بستروں سے بڑھا کر 400 بستر کر دی گئی ، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ شہر میں چار سے پانچ سو کلینکس سیل کئے جا چکے ،کمیٹی نے ان کلینکس کے خلاف کارروائی کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ، اجلاس کے دوران وزارت صحت کے متعدد سیکر ٹر یز کی تبدیلی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ، چیئرمین کمیٹی نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تو وفاقی وزیر صحت نے کہا وہ بھی اس معاملے پر چیئرمین کمیٹی کے ساتھ ہیں ، قائمہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس نرسنگ کونسل میں ہوگا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...