اکاؤنٹس کمیٹیاں ادارہ جا تی اصلاحات کے اقدامات تجویز کریں ، گیلانی
طلبہ یونینز کی بحالی ، بااختیار بلدیاتی نظام کا قیام جمہوریت کے استحکام کیلئے ضروری قواعد کو 1973 کے آئین کی روح کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ، ملک احمد خان
اسلام آباد ، راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ،نیوز رپورٹر ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا طلبہ یونینز کی بحالی اور مضبوط و بااختیار بلدیاتی نظام کا قیام مستقبل کی قیادت کی تیاری اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے ۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹیاں محض مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی بنیادی وجوہات، بشمول ناقص منصوبہ بندی، کمزور داخلی کنٹرول، خریداری کے عمل میں خامیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد کی کمزوریوں کا بھی جائزہ لیں اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا پارلیمان کا کردار محض بجٹ کی منظوری تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ قومی وسائل درست انداز میں استعمال ہوں اور ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں ۔ ورکشاپ سے پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر احسن اقبال، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری طارق فاروق، آڈیٹر جنرل پاکستان مقبول احمد گوندل اور پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے بھی خطاب کیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی وہ فورم ہے جہاں پارلیمان کا عوامی خزانے پر اختیار عملی شکل اختیار کرتا ہے ،1973 کے آئین نے پارلیمان کو جو جمہوری کردار دیا، قواعدِ انضباطِ کار اس سے پوری طرح ہم آہنگ نہیں ہو سکے ۔قواعد کو 1973 کے آئین کی روح کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments