ڈی سی آیا نہ ہی سپرنٹنڈنٹ، کلرک بھیج دیا ، جسٹس ڈوگر

ڈی سی آیا نہ ہی سپرنٹنڈنٹ، کلرک بھیج دیا ، جسٹس ڈوگر

این او سی آ گیا تو کیا شہری ایک سال انتظار کرے گا؟ 5روز میں ڈومیسائل جاری کرنیکی ہدایت عدالتوں کیساتھ مذاق بنایا ہوا، دفتر میں لوگوں کو کیوں نہیں سنتے :جسٹس ارباب طاہر

اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردارسرفراز ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر آفس کو لکی مروت کے شہری حماد اللہ کی درخواست پر پانچ روز میں ڈومیسائل جاری  کرنے کی ہدایت کی بصورت دیگر ڈپٹی کمشنر کو خود عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کلرک پیش ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ آپ کون ہیں اور کیا عہدہ ہے ؟ کلرک نے بتایا وہ ایل ڈی سی ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیا طریقہ ہے ، نواب کے بچوں نے خود آنے کے بجائے کلرک بھیج دیا، ڈی سی آیا نہ سپرنٹنڈنٹ اور نہ ہی اے سی، ڈی سی کو بلا لیں؟ ضلعی انتظامیہ کے نمائندے نے بتایا کہ این او سی کے ایک سال بعد ڈومیسائل بنایا جاتا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا جب این او سی آ گیا تو کیا شہری ایک سال انتظار کرے گا؟ عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں رجسٹرار کوآپریٹیو کو ایک ماہ میں متاثرین کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ 340 ملازمین کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیاکہ رجسٹرار آفس کو بلایا تھا کہاں ہیں؟

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور رجسٹرار کوآپریٹیو کو آدھے گھنٹے میں طلب کیا اور ریمارکس دیئے کہ آپ لوگوں نے عدالتوں کے ساتھ مذاق بنایا ہوا ہے ، گپ شپ اب نہیں چلے گی، کیوں دفتر میں لوگوں کو نہیں سنتے ۔دوبارہ سماعت پر رجسٹرار پیش ہوئے اور عدالت کو معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو نے توہین عدالت کیس میں دوبارہ غیر مشروط معافی مانگ لی۔ عدالت نے زمان وٹو پر فرد جرم کیلئے آج کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ علاوہ ازیں جسٹس اعظم خان نے ساجد گیلانی اور عثمان انور کی پٹیشنز پر مشترکہ فیصلے میں این ایچ اے کو روڈ سیفٹی اور این80 کی دو طرفہ تعمیر سے متعلق ہدایات جاری کردیں اور کہا ترنول تا نوغازی (6.5کلومیٹر)، نوغازی تا فتح جنگ (28کلومیٹر)اور فتح جنگ تا جنڈ (68کلومیٹر)کا سروے این او سی کے انتظار میں معطل رہا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی این80 پر روڈ سیفٹی اور مرمتی کام جاری رکھے گی،حادثات کے مقامات، اندھے موڑ اور خطرناک پوائنٹس پر روڈ سیفٹی اقدامات یقینی بنائے گی اور وزارت مواصلات اور وزارت منصوبہ بندی کے تعاون سے فنڈنگ اور منظوری کے امور آگے بڑھائے گی، فنڈز فراہمی کے بعد منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...