پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم شروع،50سے زائد ممالک شریک،16معاہدے متوقع
دو روزہ فورم میں سعودیہ، امریکہ، چین، برطانیہ ودیگرممالک کے سرمایہ کار، معدنیات تلاش اور کان کنی کی کمپنیاں شریک ہونگی وزیر اعظم، فیلڈ مارشل ،نائب وزیر اعظم فورم سے خطاب ،تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، پختونخوا کے گورنر بھی شرکت کرینگے
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔ دو روزہ فورم ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب دنیابھر میں اہم معدنیات (کریٹیکل منرلز)کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں کی تیاری، قابلِ تجدید توانائی اور جدید ٹیکنالوجی کی صنعتوں میں ان معدنیات کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے ۔پاکستان کے پاس معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور وہ ان وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی سپلائی چین میں جگہ بنانے اور معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا خواہاں ہے ۔ رواں سال فورم کا موضوع ‘‘پاکستان: دی نیکسٹ کریٹیکل منرلز ڈیسٹ ینیشن’’ رکھا گیا ہے ۔فورم میں 50 سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زیادہ مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر تقریباً 16 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، جبکہ 18 کے قریب پینل مباحثے بھی ہوں گے ۔
فورم میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، خیبر پختونخوا کے گورنر، آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ شرکت کریں گے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر بھی فورم سے خطاب کریں گے ۔فورم میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک، برطانیہ، امریکہ، چین، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر سے سرمایہ کار، معدنیات کے شعبے سے وابستہ نامور شخصیات اور مختلف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز شرکت کر رہے ہیں۔یہ فورم پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ اس دوران مختلف اقسام کے معدنیات، ان کی تلاش میں استعمال ہونے والی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش بھی کی جائے گی۔ فورم سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا، جبکہ معدنیات کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔پاکستان کے معدنی ذخائر کو حقیقی معاشی فوائد میں تبدیل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، معدنیات کی تلاش، کان کنی، پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments