تربیلا ڈیم میں خرابی،بجلی کا بحران شدید،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ
وزارتِ پاور کا نوٹس ، کمپنیوں کو فوری لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنیکی ہدایت
لاہور(آئی این پی ) تربیلا ڈیم ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، پن بجلی شیئر میں کمی اور ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم کے ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی، جس سے ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کا فرق مزید بڑھ گیا۔ذرائع نے بتایا کہ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار کم ہوکر 656 میگاواٹ رہ گئی ہے جبکہ دو یونٹ بند ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ لیسکو کا شارٹ فال 800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے ، جس کے باعث لاہور میں شام کے بعد چار گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔لیسکو سمیت کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی نے لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری نہیں کیا تھا، جس پر وزارتِ پاور نے نوٹس لیتے ہوئے تمام کمپنیوں کو فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔دن میں سولر کی وجہ سے سسٹم پر لوڈ کم پڑ رہا ہے تاہم پیک اوور میں شارٹ فال 4 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق رواں ہفتے قطر سے مزید ایل این جی کارگوز آنے کا امکان ہے ، ایل این جی سپلائی بڑھنے سے طلب اور رسد کا فرق ختم ہو جائے گا۔ طلب بڑھنے سے مقامی گیس کی پاور پلانٹس کو فراہمی میں مشکلات ہیں، ایل این جی سے چلنے والے 6 ہزارمیگاواٹ والے پاور پلانٹس نہیں چل رہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments