تھر میں نصب تمام آر او پلانٹس کا جامع سروے کرانے کی ہدایت

تھر میں نصب تمام آر او پلانٹس کا جامع سروے کرانے کی ہدایت

موجودہ حالت، پانی فراہمی، مستفید ہونیوالی آبادی کی تفصیلات شامل کی جائیں گی صاف پانی کی مستقل فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل، چیف سیکریٹری،اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے تھر میں نصب تمام آر او پلانٹس کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ سروے میں ہر پلانٹ کی موجودہ حالت، بحالی کے لیے درکار کام، پانی کی فراہمی اور اس سے مستفید ہونے والی آبادی کی تفصیلات شامل کی جائیں گی۔ تھر میں پینے کے پانی کی فراہمی اور آر او پلانٹس کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ پلانٹس کو مستقل اور مؤثر انداز میں چلانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ تھر کے آر او پلانٹس کا انتظام معتبر اور تجربہ کار غیر سرکاری تنظیموں کے سپرد کرنے کی تجویز سندھ حکومت کو پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ چیف سیکریٹری نے تھر کے لیے شہید بینظیر بھٹو سویٹ واٹر پروجیکٹ کی جلد تکمیل یقینی بنانے اور عمرکوٹ سے کیتاری تک پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا تھرپارکر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی مستقل اور قابل اعتماد فراہمی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی اسکیموں کے انتظام اور دیکھ بھال کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تھرپارکر میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور آر او پلانٹس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے باہمی رابطہ مضبوط بنائیں۔ اجلاس میں تھر سے تعلق رکھنے والے ارکانِ اسمبلی نے پینے کے پانی کی فراہمی اور آر او پلانٹس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ مشیر ماحولیات دوست محمد راہموں، رکن سندھ اسمبلی محمد قاسم سومرو اور چیئرمین میونسپل کمیٹی مٹھی منوج کمار ملانی نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد سلیم بلوچ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز بھی شریک تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...