کمرے کی سجاوٹ میں ترتیب اورسادگی کا خیال رکھیں
اسپیشل فیچر
گھر کی تزئین و آرائش اور دلکش ترتیب میں بہت زیادہ پیسہ اور وقت خاص اہمیت نہیں رکھتا۔ گھر کی سجاوٹ میں جو چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، وہ اشیاء کو حیران کن طریقے سے ترتیب اور تشکیل دینا ہے۔ سب سے پہلے تو اس بات کو مدّنظر رکھنا ضروری ہے کہ کمرے یا گھر کی آرائش ایک خاص حد تک اچھی لگتی ہے۔ ایسی سجاوٹ جس میں گھر کو عجائب خانہ بنا دیا گیا ہو ،پہلی نظر میں ہی کچھ اچھا تاثر نہیں دیتا۔ سجاوٹ میں ترتیب، سادگی اور ٹھہرائو ہونا چاہیے اور کمرہ پرسکون نظر آنا چاہیے۔ علاوہ ازیں کمرے کو طرز زندگی اور رہن سہن کے مطابق سجا یا جائے۔ آئوٹ آف فیشن اشیاء یا پھر بہت جدت آمیز اشیاء بھی اچھا تاثر نہیں دیتیں۔ اگر جگہ کی کمی ہو تو آپ ایک قدرے مرکزی کمرے کو ڈائننگ اور ڈرائنگ روم میں بدل سکتی ہیں۔ اس کیلئے بھی زیادہ جدوجہد کی ضرورت نہیں ،کمرے کے دو حصے کیجئے دروازے کے ساتھ والے حصے کو ڈرائنگ روم کیلئے سیٹ کیجئے جبکہ دوسرا پورشن ڈائننگ ہال کیلئے چن لیں اور دونوں حصوں کے درمیان دلکش اور منفرد تاثر دینے والے پردے ڈال دیں۔ علاوہ ازیں گلاس وال پر لگائے گئے بلائنڈز بھی بہت اچھے لگتے ہیں۔ یہاں آپ کیلئے چند نہایت ارزاں قیمت پر کی جانے والی آرائش کے کچھ مشورے ہیں ،جو صرف ایک دن کا کام ہے اور بہت کم لاگت کے حامل ہیں۔ کھڑکیوں کی منفرد سجاوٹ کیلئے دو مختلف رنگوں کا کپڑا لیجئے اور اسے سی دیں جہاں سلائی لگائی گئی ہو موسم سرما کی مناسبت سے وہاں گہرے رنگ کے کپڑے کے مختلف ڈیزائن کے ٹکڑے کاٹ کر جس طرح ایپلک ورک کیا جاتا ہے ،بالکل اسی طرح لگا دیں جبکہ موسم گرما میں موسم کی مناسبت کے مطابق کھلے کھلے پھولوں والے ہلکے پیلے یا فیروزی کپڑے کے ٹکڑے یا ڈیزائن لگائیں۔ لیونگ یا کامن روم جو ٹی وی لائونج بھی کہلاتا ہے اس میں چائناکیبنٹ جو سستی اور خوبصورت بھی ہوتی ہے اسے سجائیں اس کی درازیں ہٹا کر ایک شیلف کی شکل دے دیں۔ اب آپ اس میں کتابیں اور عام ضروریات کی اشیاء رکھ سکتی ہیں جبکہ اس کیبنٹ کے اوپر خوش رنگ گلدان اور اچھے ڈیکوریشن پیپر سجا کر کمرے کی دلکشی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ بیڈ کی سائیڈ یا کمرے میں وہ جگہ جہاں آپ نے ٹیبل لیمپ یا دوسرا لیمپ رکھا ہو وہاں ایک خوبصورت سی پینٹنگ لٹکائیں۔ لیمپ کی روشنی آپ کو سکون دے گی۔ کمرے کی دیواروں کو کبھی بھی نظر انداز مت کیجئے جگہ جگہ سے اکھڑی دیواریں ایک خوبصورت کمرے کو گہنا دیتی ہیں۔ وقتاً فوقتاً دیواروں کو پینٹ کروا لینا چاہیے یا پھر وال پیپر کا استعمال بھی اس ضمن میں خاصا کارگر ثابت ہوسکتا ہے۔ کمرے میں فرنیچر کو حسب معمول ایل شیپ سے مت رکھیں، وی شیپ میں رکھے گئے فرنیچیر کاسٹائل بھی کافی دلکشی کا باعث بن سکتا ہے۔ گیسٹ روم یا ڈرائنگ روم میں آپ کوئی نادر نمونہ یا منفرد قسم کی پینٹنگ ضرور رکھیں۔ یہ کوئی پینٹنگ یا وال ہینگنگ بھی ہوسکتا ہے۔ دیوار پر لٹکی گھڑیاں بھی یا خوبصورت الماری اس کے علاوہ دروازوں کے دستے بھی انٹیکس ہوں تو زیادہ اچھے لگتے ہیں۔ ایک اور خاص بات یہ کہ اگر آپ کا فرنیچر سیاہ مٹیالا یا ڈارک برائون ‘ یا برائون ہو تو آپ کمرے کو کوئی بھی پینٹ کریں وہ جچے گا، خاص کر ڈارک لیکن ڈل کلرز زیادہ اٹھیں گے۔ اسی طرح ہلکے رنگ بھی موزوں ترین دکھائی دیں گے۔ علاوہ ازیں کمرے میں مختلف رنگوں کی بھرمار کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے ورنہ کمرہ پرسکون نظر نہیںآئے گا۔