حضرت خواجہ معین الدین چشتی کی دینی خدمات
خانقاہی نظام ہی اسلام کی وہ قوت ہے جس نے زوال کے بدترین عہدوں میں بھی ایسی شاندار کامیابیاں حاـصل کیں کہ تاریخ میں وہ سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں ۔مشہور مستشرق پروفیسرہٹی لکھتا ہے کہ’’ اسلام پر جب بھی مشکلات کا دور آیا تو اسلام کا روحانی نظام فوراًاسکی مدد کو آیا اور اسے اتنی قوت عطاء کردی کہ وہ ثابت قدمی سے مصائب کا مقابلہ کرسکے‘‘۔ ڈچ محقق لوکے گارڈاس بات پر تعجب کا اظہار کرتا ہے کہ ’’مسلمانوں کو زوال کا بارہا سامنا کرناپڑا مگر روحانی نظام میں ترقی کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہا ‘‘۔یہ خانقاہی نظام ہی تھا کہ جس نے روئے ارض کے کونے کونے میں کلمہء توحید پہنچایا ۔جنوبی ہند ،مالدیپ،انڈونیشیا ،ملائیشیااور برونائی کے علاوہ بہت سے ایسے علاقے ہیں۔ جہاں تک کسی مسلمان فاتح کی رسائی نہ ہوئی مگر فقیران خرقہ پوش اللہ اور رسولؐ کا پیغام لے کے وہاں گئے اور اپنے کردارو گفتار کی طاقت سے لوگوں کو مسلمان بنایا ۔ان کے کردار کی روشنی اور نعرہ حق کی ضرب اور ذکرالٰہی کی بدولت کفروشرک کی ظلمتیں سیماب پا ہوتی رہیں ۔یہ ہی خانقاہیں وہ مراکز بنیں جہاں سے لوگوں کو رشدوہدایت اوراسلام کی دولت نصیب ہوئی ۔جب بھی کوئی شخص اسلام کے خانقاہی نظام کا مطالعہ کرتا ہے تو اس میں ایک روشن مثال ہندوستان کا علاقہ اجمیرشریف سرفہرست آتا ہے ۔ یہ وہ خانقاہ ہے کہ جس نے لاکھوں کفارومشرکین کی تقدیریں بدلیں اور انہیں ایمان کی دولت عظیم نصیب ہوئی ،یہ خانقاہ آج بھی مرجع خلائق ہے ۔سلسلۂ عالیہ چشتیہ کے عظیم پیشوا خواجۂ خواجگان، سلطان الہند حضرت سیدنا خواجہ غریب نواز ؒکو مدینہ منورہ حاضری کے موقع پریہ بشارت ملی ’’اے معین الدین توہمارے دین کامعین (یعنی دین کا مددگار) ہے ، تجھے ہندوستان کی ولایت عطا کی، اجمیر جا،تیرے وجود سے بے دینی دور ہوگی اور اسلام رونق پذیرہو گا‘‘۔ سلطان الہند خوا جہ غریب نوازؒ اجمیر شریف تشریف لائے۔ آپؒ کی مساعیٔ جمیلہ سے لوگ جوق در جوق حلقہ بگوش اسلام ہونے لگے۔ وہاں کے کافر راجہ پرتھوی راج کو اس سے بڑی تشویش ہونے لگی۔ چنانچہ اس نے اپنے یہاں کے سب سے خطرناک اور خوفناک جادوگر اجے پال جوگی کو خواجہ غریب نوازؒ کے مقابلے کے لئے تیار کیا۔ ’’اجے پال جوگی‘‘ اپنے چیلوں کی جماعت لے کر خواجہ صاحب ؒ کے پاس پہنچ گیا۔ مسلمانوں کا اضطراب دیکھ کر خواجہ غریب نوازؒ نے ان کے گرد ایک حصار کھینچ د یا اور حکم فرمایا کہ کوئی مسلما ن اس دائرے سے باہر نہ نکلے۔ ادھر جادوگروں نے جادو کے زور سے پانی، آگ اور پتھر برسانے شروع کر دیئے مگر یہ سارے وا رحصار کے قریب آکر بے کار ہو جاتے ۔ اب انہوں نے ایسا جادو کیا کہ ہزاروں سانپ پہاڑوں سے اتر کر خواجہ صاحبؒ اور مسلمانوں کی طرف لپکنے لگے، جونہی وہ حصار کے قریب آتے مرجاتے۔ جب چیلے ناکام ہوگئے تو خود ان کا گُرو اجے پال جوگی جادو کے ذریعے طرح طرح کے شعبدے دکھانے لگا مگر حصار کے قریب جاتے ہی سب کچھ غائب ہوجاتا۔ جب اس کا کوئی بس نہ چلا تو بپھر گیا اورغصے سے پیچو تاب کھاتے ہوئے اس نے اپنا مرگ چھالا (یعنی ہرنی کا چمڑابالوں والا ) ہوا میں اچھالا اورکود کراس پرجابیٹھا اور اڑتا ہواایکدم بلند ہوگیا۔ مسلمان گھبرا گئے کہ نا جانے اب ا وپر سے کیا آفت برپا کرے گا! خواجہ غریب نوازؒ اس کی حرکت پر مسکرا رہے تھے۔ آپ ؒ نے اپنی نعلین مبارک کو اشارہ کیا،حکم پاتے ہی وہ بھی تیزی کے ساتھ اڑتی ہوئیں جادوگر کے تعاقب میں روانہ ہوئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے اوپر پہنچ گئیں اور اس کے سر پر تڑاتڑ پڑنے لگیں! ہرضرب میں وہ نیچے اتر رہا تھا، یہاں تک کہ عاجز ہوکر اترا اورخواجہ غریب نوازؒ کے قدموں پر گر پڑا اور سچے دل سے توبہ کی ا ور مسلمان ہوگیا۔ آپؒ نے اس کاا سلامی نام عبدا ﷲ رکھا ۔ اور وہ خواجہ صاحب ؒ کی نظر فیض اثر سے ولایت کے اعلیٰ مقام پر فائز ہوکر عبد اﷲ بیابانی نام سے مشہور ہوگئے۔ خواجہ غریب نواز ؒ جب مدینۃُ الہند اجمیر شریف تشریف لائے تو اولاً ایک پیپل کے درخت کے نیچے تشریف فرما ہوئے۔ یہ جگہ وہاں کے کافر راجہ پرتھوی راج چوہان کے اونٹوں کیلئے مخصوص تھی۔ راجہ کے کارندوں نے آکر آپ ؒ پر رُعب جھاڑا ا ور بے ادبی کے ساتھ کہا کہ آپ لوگ یہاں سے چلے جائیں کیونکہ یہ جگہ راجہ کے اونٹوں کے بیٹھنے کی ہے ۔ خواجہ صاحبؒ نے فرمایا ’’اچھا ہم لوگ جاتے ہیں تمہارے اونٹ ہی یہاں بیٹھیں۔‘‘ چنانچہ اونٹوں کو وہا ں بٹھادیا گیا۔ صبح ساربان آئے اور اونٹوں کواٹھانا چاہا، لیکن باوجود ہر طرح کی کوشش کے اونٹ نہ اٹھے۔ ساربان نے ڈرتے جھجکتے حضرت خواجہ صاحبؒ کی خدمت سرا پا کرامت میں حاضر ہوکر اپنی گستاخی کی معافی مانگی۔ ہند کے بے تاج بادشاہ حضرت غریب نواز ؒ نے فرمایا ’’جائو خدا کے حکم سے تمہارے اونٹ کھڑے ہوگئے۔‘‘ جب ساربان واپس ہوئے تو واقعی سب اونٹ کھڑے ہوچکے تھے۔خواجہ غریب نوازؒ کے چندمریدین ایک بار اجمیر شریف کے مشہور تالاب انا ساگر پر غسل کرنے گئے۔کافروں نے دیکھ کر شور مچا دیا کہ یہ مسلمان ہمارے تالاب کو’’ ناپاک‘‘ کررہے ہیں۔ چنانچِہ وہ حضرات لوٹ گئے اور جاکر سارا ماجرا خواجہ صاحبؒ کی خدمت میں عرض کیا۔ آپؒ نے ایک چھاگل ( پانی رکھنے کا مٹی کا برتن) دے کر خادم کو حکم دیا کہ اس کو تالاب سے بھر کر لے آؤ۔ خادم نے جاکر جونہی چھاگل کوپانی میں ڈالا، سارے کا سارا تالاب اس چھاگل میں آگیا!لوگ پانی نہ ملنے پر بے قرار ہوگئے اور آپؒ کی خدمت سراپا کرامت میں حاضر ہو کر فریاد کرنے لگے۔چنانچہ آپ ؒ نے خادم کو حکم دیا کہ جاؤ اور چھاگل کا پانی واپس تالاب میں انڈیل دو۔ خادم نے حکم کی تعمیل کی اور انا ساگر پھر پانی سے لبریز ہوگیا۔ایک بار اورنگ زیب عالمگیر سلطانُ الہند خواجہ غریب نوازؒ کے مزارِ پُر انوار پر حاضر ہوئے۔ احاطہ میں ایک اندھا فقیر بیٹھا صدا لگارہا تھا: یا خواجہ غریب نواز ؒ ! آنکھیں دے۔آپ نے اس فقیر سے دریافت کیا: بابا! کتنا عرصہ ہوا آنکھیں مانگتے ہوئے؟ بولا، برسوں گزر گئے مگر مراد پوری ہی نہیں ہوتی۔ فرمایا: میں مزار پر حاضری دے کر تھوڑی دیر میں واپس آتا ہوں اگر آنکھیں روشن ہوگئیں(یعنی بہت خوب) ورنہ قتل کروا دوں گا۔ یہ کہہ کر فقیر پر پہرالگا کر بادشاہ حاضری کیلئے اندر چلا گیا۔ ادھر فقیر پر گریہ طاری تھا اور رو رو کر فریاد کررہا تھا: یا خواجہؒ! پہلے صرف آنکھوں کا مسئلہ تھا اب تو جان پر بن گئی ہے، اگر آپ ؒ نے کرم نہ فرمایا تو مارا جاؤں گا۔ جب بادشاہ حاضری دے کر لوٹا تو اس کی آنکھیں روشن ہوچکی تھیں۔ بادشاہ نے مسکرا کر فرمایا: کہ تم اب تک بے دلی اور بے توجہی سے مانگ رہے تھے اور اب جان کے خوف سے تم نے دل کی تڑپ کے ساتھ سوال کیا تو تمہاری مراد پوری ہوگئی۔ شاید کسی کے ذہن میں یہ سوال ابھرے کہ مانگنا تو اللہ سے چاہئے اور وہی دیتا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ خواجہ غریب نوازؒسے کوئی آنکھیں مانگے اور وہ عطا بھی فرما دیں! جواباً عرض ہے کہ حقیقتاً اللہ ہی دینے والا ہے، مخلوق میں سے جو بھی جو کچھ دیتا ہے وہ اللہ ہی سے لے کر دیتا ہے۔اللہ کی عطا کے بغیر کوئی ایک ذرّہ بھی نہیں دے سکتا۔ اللہ کی عطا سے سب کچھ ہوسکتا ہے۔ اگر کسی نے خواجہ صاحبؒ سے آنکھیں مانگ لیں اور انہوں نے عطائے خداوندی سے عنایت فرما دیں تو آخر یہ ایسی کون سی بات ہے جو سمجھ میں نہیں آتی؟ یہ مسئلہ تو فی زمانہ فن طب نے بھی حل کر ڈالا ہے! ہر کوئی جانتا ہے کہ آج کل ڈاکٹر آپریشن کے ذریعے مردے کی آنکھیں لگا کر اندھوں کوبینا(یعنی دیکھتا) کر دیتے ہیں۔ بس اسی طرح خواجہ غریب نواز ؒ نے بھی ایک اندھے کواللہ کی عطا کردہ روحانی قوت سے نابینائی کے مرض سے شفا دے کر بینا(یعنی دیکھتا) کر دیا۔ بہرحال اگر کوئی یہ عقیدہ رکھے کہ اللہ نے کسی نبی یا ولی کو مرض سے شفا دینے یا کچھ عطا کرنے کا اختیار دیا ہی نہیں ہے تو ایسا شخص حکم قرآن کو جھٹلا رہا ہے۔چنانچہ پارہ 3سورۂ آل عمران آیت نمبر 49 میں حضرت عیسیٰؑ روحُ اﷲ کا قول نقل کیا گیا ہے۔حضرت عیسیٰ ؑ صاف صاف اعلان فرما رہے ہیںکہ میںاللہ کی بخشی ہوئی قدرت سے اندھوں کو بینائی اور کوڑھیوں کو شفا دیتا ہوں حتیٰ کہ مردوں کو بھی زندہ کر دیا کرتا ہوں۔ اللہ عزو جل کی طرف سے انبیاء کرام علیہم السلام کو طرح طرح کے اختیارات عطا کئے جاتے ہیں اور فیضانِ انبیائے کرام ؑسے اولیائے عظام ؒ کو بھی اختیارات دیئے جاتے ہیں، لہٰذا وہ بھی شفا دے سکتے ہیں اوربہت کچھ عطا فرما سکتے ہیں۔ ایک دفعہ ایک کافر خنجر بغل میں چھپا کر خوا جہ غریب نواز ؒ کو قتل کرنے کے ارادے سے آیا آپ ؒنے اس کے تیور بھانپ لئے اور مومنانہ فراست سے اس کا ارادہ معلوم کرلیا ۔ جب وہ قریب آیاتو اس سے فرمایا’’تم جس ارادے سے آئے ہو اس کو پورا کرو میں تمہارے سامنے موجود ہوں۔‘‘ یہ سن کر اس شخص کے جسم پر لرزہ طاری ہوگیا ۔ خنجر نکال کر ایک طرف پھینک دیا اور آپ ؒکے قدموں پر گر پڑا اور سچے دل سے توبہ کی اور مسلمان ہو گیا۔6 رجب المرجب 633سن ہجری کو آپؒ اس دنیا فانی سے رخصت ہوئے۔ ٭…٭…٭