انسانی جسم میں کیلوریز کی ضرورت و اہمیت
اسپیشل فیچر
خدا نے ہر انسان کو ایک خوبصورت جسم عطا کیا ہے، یہ ہم خود ہی لاپروائی کرکے اپنے جسم کو نہ صرف بے ڈھنگا بنالیتے ہیں بلکہ اندھا دھند، بے قوت اور بے تکی چیزیں کھا کر جسم کی خوبصورتی بگاڑ لیتے ہیں اور مختلف قسم کی بیماریاں بھی پال لیتے ہیں۔ جسم میں بگاڑ ہماری کھانے پینے میں ضروری معلومات کے نہ ہونیکی وجہ سے ہوتا ہے۔ آج کل اپنے آپ کو فٹ رکھنا ایک مشکل کام ہوتا جا رہا ہے۔ مصروف زندگی، ذہنی طور پر بے پناہ مصرو فیا ت اور اپنی صحت کی طرف توجہ نہ دینے سے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ میرے خیال میں 24 گھنٹوں کے دوران اگر ایک گھنٹہ بھی ہم اپنی صحت کی بہتری، کھانے پینے میں احتیاط اور کیلوریز کی کتنی جسم کو ضرورت ہے، اس بارے میں سوچنا شروع کردیں تو یقین جانیے ہم بہت ساری مشکلات سے بچ کراپنی روز مرہ زندگی، جسمانی ساخت کو پرکشش بناسکتے ہیں۔ آج ہم کو ایک متوازن غذا اور اس کے ہمراہ آپ کے جسم کو کتنی کیلوریز کی ضرورت ہے اس کے بارے میں آگاہی فراہم کرینگے۔ ہم میں سے اکثریت کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ ہم کیا اور کتنی قسم کی غذائیں کھا رہے ہیں؟ ہمارے جسم کو روزانہ کتنی کیلوریز کی ضرورت ہے اور ہم کتنی زائد کیلوریز والی غذا کھا کر جسم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان چیزوں کا اگر علم ہو جائے تو ہم تھوڑا سا اپنے آپ کو پابند کرکے کھانے میں حسب ضرورت کیلوریز والی غذائوں کو شامل کرلیں تو کیا خوب فوائد حاصل ہونگے اس کا عملی مظاہرہ کرکے دیکھ لیں۔سب سے پہلے تو اس بات کا یقین کرلیں کہ آپ کوکتنی کیلوریز والی غذائوں کی ضرورت ہے۔ کھانے میں پسند ناپسند کا حق آپ کو اس وقت حاصل ہوتا ہے جب تک آپ جسمانی طور پر فٹ اور متوازن رہتی ہیں۔ جب آپ آئوٹ آف شیپ یعنی بے ڈول جسم کی مالک بن جاتی ہیں تو پھر احتیاط اور توجہ ضروری ہے۔ اپنی بدپرہیزی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ شاید آپ کو یہ علم نہیں کہ روزانہ 100 کیلوریز زیادہ کھانے سے آپ چار سے پانچ کلو وزن بڑھا رہی ہیں۔ اب ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اگلے آنے والے دنوں میں آپ کس حد تک موٹی ہوسکتی ہیں۔400 کیلوریز:۔اس میں مٹن بریانی کی ایک پلیٹ یا 125 گرام بریانی کھانے سے 355 کیلوریز جسم میں داخل ہوتی ہے اور اس کے بعد 25 گرام موٹاپے کا آغاز ہونا شروع ہوتا ہے۔اگر آپ مٹن کی بجائے چکن بریانی 125 گرام وزن کی ایک پلیٹ کھالیں تو پھر کیلوریز 355 کے بجائے 100 کیلوریز کم ہو کر 255 ہو جائے گی۔ یہ زیادہ بہتر ہے۔فرائی مچھلی:۔پورشن سائز چار سے پانچ درمیا نے قتلے تقریباً پچیس گرام کھانے سے 380 کیلوریز جسم کو ملتی ہے اگر یہی مچھلی تلنے کی بجائے ’’بھون‘‘ کر کھائیں تو 160 کیلوریز اضافی کیلوریز سے بچ سکتی ہیں۔ اس طرح تلی ہوئی مچھلی کھانے سے ہونے والے موٹاپے کی شرح15 گرام بھی کم ہو جائے گی۔پنیرتکارول:۔پورشن سائز ایک رول کھانے سے 340 کیلوریز اور 20 گرام موٹاپا جسم میں داخل ہوتا ہے۔ پنیر کی مدد سے بنائے گئے تکارول بہت لذیذ اور اچھے لگتے ہیں لیکن ان کو ہضم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اگر اس میں استعمال ہونے والے میدے کی جگہ چکی سے پسے ہوئے آٹے کا پراٹھا استعمال کیا جائے تو 80 کیلوریز کم ہو جاتی ہے اور اس سے جسم کو فائدہ ہوگا۔400 کیلوریز کھانے کیلئے یہ منظرنامہ آپ کے سامنے ہے اوراسے کس طرح کم کیا جاسکتا ہے آپ کو بتا دیا۔ اب اگر جسم کو 300 کیلوریز کے کھانوں کی طرف لے جائیں تو اس کی تفصیل کچھ یوں ہے۔کھڈی چاول:۔یہ عموماً ہر گھر میں پکائے جاتے ہیں۔ اس کی ایک پلیٹ پورشن سائز ایک پلیٹ 125 گرام ہو تو اس سے 200 تا 268 کیلوریز جسم کو ملتی ہے جبکہ 15 سے 17 گرام موٹاپا بنتا ہے۔ اب اگر اس ڈش میں پالک کا اضافہ کر لیا جائے تو اس میں شامل چکنائی کو کم کیا جا سکتا ہے اور کیلوریز کی مقدار بھی کم ہوسکتی ہے۔وائٹ بریڈ سینڈوچ:۔پورشن سائز بریڈ کے دو پیس اور ایک چمچہ مایونیز کھایا جائے تو 240 کیلوریز ملتی ہے اور موٹاپا 14 گرام ہوتا ہے۔ اب اگر کیلوریز کم کرنا ہوں تو سینڈوچ میں ہرے پتوں کی سبزیاں، سلاد وغیرہ کا استعمال کریںتو 80 اضافی کیلوریز سے بچ سکتی ہیں۔200 کیلوریز حاصل کرنے والی غذا میں اسٹنٹ نوڈلز، مکھن، کولڈ ڈرنک شامل ہیں۔ ان میں نوڈلز 12گرام فیٹ اور درمیانے سائز کا پیکٹ کھانے سے 150 کیلوریز حاصل ہوتی ہے ۔ یہ ڈش کھانے میں مزیدار ہے اور طاقت بھی فراہم کرتی ہے لیکن اگر اپ میدے کی بجائے گندم سے بنی ہوئی نوڈلز کھائیں تو پچاس کیلوریز کم ہوسکتی ہیں اور اس کا فائدہ جسم کو پہنچے گا۔ اس طرح مکھن کا ایک چمچہ 184 کیلوریز کا ہوتا ہے اور 20 گرام فیٹ ہوتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ مکھن کھانے کے بعد واک یا ہلکی ورزش کے ذریعے اس کو کم کرلیں۔ وگرنہ مکھن لوگوں کو لگانے کیلئے زیادہ استعمال کریں اور خودکبھی کبھار کھائیں۔کولڈ ڈرنک سے 500 ملی گرام کی بوتل پینے سے 215 کیلوریز جسم کو ملتی ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ کولڈ ڈرنک میں موٹاپے کی شرح صفر ہوتی ہے مگر 215 کیلوریز انتہائی خطرناک ہیں اس کے بجائے بہت ہی جی چاہے تو اورنج جوس پی لیں وہ بھی کبھی کبھار اس کی کیلوریز 150 سے کم ہوتی ہے۔100 کیلوریز میں ابلا ہوا انڈا سرفہرست ہے۔ ایک انڈا کھانے سے 80 کیلوریز ملتی ہیں اور10گرام فیٹ حاصل ہوتا ہے۔ اگر آپ کو کولیسٹرول کی شکایت نہیں ہے تو پھر پورا ابلا ہوا انڈا کھائیں۔ وگرنہ زردی نکال کر سفیدی انڈا کھائیں اس سے جسم کو فائدہ ہوگا۔ ہم نے یہاں چار سو سے لیکر 100 کیلوریز تک حاصل کرنے اور اس میں احتیاط بیان کر دی ہیں ان کو ذہن میں رکھ کر غذا کا استعمال کریں۔ ایک اہم بات آخر میں یہ کہنا ہے کہ گھرکے اندریا باہر کسی باغ میں گھڑی میں دیکھ کر 35 سے چالیس منٹ تیز قدموں سے چلنے کی عادت کو معمول بنالیں۔ یقین جانئے زندگی بہت حسین ہو جائے گی اور دیکھنے والے آپ کی صحت اور شخصیت پر رشک کرینگے۔ متوازن غذا کھانے سے جسم میں مطلوبہ کیلوریز صحت مند رکھتی ہیں اب یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ آپ زیادہ کیلوریز والے کھانے کھا رہے ہیں یا متوازن غذا کھا رہے ہیں۔ آج ہی فیصلہ کریں کہ میں نے بھوک چھوڑ کر کھانا ہے اس سے بہت سی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔