گھر بیٹھے انٹرنیٹ سے پیسے کمانا ممکن ہے؟
اسپیشل فیچر
آپ نے انٹرنیٹ سے ڈالر کمانے کی باتیں تو بہت سنی ہوں گی لیکن کیا واقعی ہی انٹرنیٹ سے گھر بیٹھے پیسے کمانا ممکن ہے اور وہ بھی حلال طریقے سے تو اس کا جواب ہے کہ جی ہاں ! اب انٹرنیٹ سے پیسے کمانا ایک خواب نہیں بلکہ حقیقت ہے۔یاد رکھیں انٹرنیٹ سے پیسے کمانے کے جتنے بھی طریقے ہیں اس میں رجسٹریشن فیس کا کوئی چکر نہیں ہوتا۔ جوبندہ آپ سے رجسٹریشن کے نام سے پیسے مانگے ، سمجھ لیں دھوکے باز ہے۔انٹر نیٹ سے پیسے کمانے کے طریقے تو بہت ہیں اور اس ایک مختصر آرٹیکل میں سارے طریقوں کی تفصیل بیان کرنا ممکن نہیں ، اس تحریر میں صرف بلاگنگ سے پیسے کمانے کے بارے میں بات کی جائے گی۔ انٹرنیٹ پر بلاگ یا اپنی ویب سائٹ بنا کر اس سے پیسے کمانا سب سے معروف اور آسان طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ انٹرنیٹ سے پیسے کمانے کیلئے بلاگنگ کے حوالے سے کبھی یہ تصور بھی پایا جاتا تھا کہ اچھوتے اور منفرد موضوعات پر بلاگ یا ویب سائٹ بنائی جائے تاکہ زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کی جا سکے لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد ان تصورات کی ہوا نکل گئی اور اب یہ عالم ہے کہ ہر دوسرا شخص انفارمیشن ٹیکنالوجی پر بلاگ بنا رہا ہے۔ اور اس سے اچھے خاصے پیسے کما رہا ہے۔بلاگ سے پیسے کمانے کے لئے ہمیں اپنے بلا گ پر ایڈسنس لگانا ہوتی ہیں ۔ایڈسنس گوگل کی اشتہارات کی سروس ہے جو آپ کو اپنے بلا گ پر اشتہار لگانے کے عوض معاوضہ ادا کرتی ہے ۔ عام طور پر پہلا بلاگ بنانے کے فوراً بعد آپ ایڈسنس کا اکاؤنٹ حاصل نہیں کر سکتے ۔ اپنے بلاگ کے لئے ا یڈسنس کا اکاؤنٹ کم از کم بلاگ بنانے کے تین ماہ بعداپلائی کرنا چاہئے ۔ (لیکن حال ہی میں گوگل نے اپنی پالیسی میں تھوڑی سی تبدیلی کی ہے او ر اب وہ اچھے معیار کی نئی ویب سائٹس اور بلاگزکوایڈسنس اکائونٹس دے دیتے ہیں) بعض اوقات یہ ہوتا کہ جب آپ اشتہارات کے حصول کے لئے گوگل ایڈ سنس اکاؤنٹ اپلائی کرتے ہیں تو آپ کا اکاؤنٹ اپروو نہیں ہوتا، اس پر دل برداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، محنت جاری رکھیں اورکوشش کریں کہ آپ کے بلاگ پر روزانہ پانچ سے دس پوسٹس ضرور ہوں ، اپنے بلاگ پر دوسری ویب سائیٹس کے مضامین چوری کر کے نہ لگائیں کیونکہ اس سے آپ کا بلاگ کاپی رائیٹس کی زد میں آجائے گا اورآپ کو گوگل ایڈسنس اکاؤنٹ کی اپروول میں مشکل ہوگی۔اگر کسی وجہ سے آپ کو گوگل ایڈسنس اکاؤنٹ نہیں ملتا تو اس کے متبادل راستے بھی ہیں ، مثال کے طور پر Media.net, BuySell Ads, info links, Adfly, clicksor وغیرہ کے ذریعے بھی آپ پیسے کما سکتے ہیں۔کبھی خود یا اپنے جاننے والوں کو اشتہارات پر کلک کرنے کا نہ کہیں ۔ اگرآپ پروفیشنل بلاگر بننا چاہتے ہیں تو اس کام کا باقاعدہ آغاز کرنے سے پہلے انٹرنیٹ پر گوگل ایڈسنس کے قواعد و ضوابط کا بغور مطالعہ کریںاور فی زمانہ بلاگنگ کے حوالے سے جو نئے ٹرینڈ متعارف ہو رہے ہیں ،ان کو اپنانے کی کوشش کریں ۔ اگر آپ بھی انٹرنیٹ سے ڈالر کمانے کے لئے ویب سائٹ یا بلاگ بنا نا چاہتے ہیں تو پھر اردو میں بلاگ بنانے کا خیال دل سے نکال دیں۔ جب آپ کا ٹارگٹ یہ ہو کہ ڈالروں سے کھیلنا ہے تو پھر اپنے بلاگ کو اس انداز سے بنائیں کہ غیر ملکی وزٹرز، زیادہ آئیں پاکستانی وزٹر کو بھول جائیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر کوئی پاکستانی وزٹر آپ کے بلاگ پر لگے ہوئے ایڈ سینس کے اشتہار پر کلک کرتا ہے تو آپ کے حصے میں صرف چند روپے ہی آئیں گے جبکہ اگر اسی اشتہار پر امریکہ سے کلک ہوتا ہے تو گوگل آپ کو ڈالر ز میں ادائیگی کرتا ہے۔ گوگل ایڈسینس کے وہ اشتہارات جو’’ ٹیک بلاگ(Tech Blog)‘‘ پر آتے ہیں گوگل ان کی سب سے زیادہ ادائیگی کر رہا ہے ،اسی بنا پر دنیا بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موضوع پر بلاگ بنانے کے رجحان میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔اگر آپ انٹرنیٹ سے ارننگ کے لئے بلاگ بنانا چاہتے ہیں اورآپ کو بلاگ بنانا بھی نہیں آتا تو آپ کسی بھی ویب ڈیزائنر کو معاوضہ ادا کر کے بلاگ بنوا سکتے ہیں ہاں البتہ آپ کی انگلش ضرور اچھی ہونی چاہئے ورنہ آپ کو بلاگ کی تحریروں کے لئے بھی کسی کو ادائیگی کرنا پڑے گی۔کبھی بھی مفت کے ڈومین اور ہوسٹنگ پر بلاگ نہ بنائیں۔ وہ لوگ جن کو یکسوئی سے کام کرنے کی عادت نہیں یا جن کو فوری پیسوں کی ضرورت ہے یہ کام ان کی لئے نہیں ہے کیونکہ بلاگ بنانے کے تین سے چھ ماہ کے بعد آپ کی آمدن کا آغاز ہوتا ہے۔ اس تحریر کو پڑھنے کے بعد بہت سے سوالات آپ کے ذہن میں آئیں گے اور میں اکثر اپنے دوستوں سے کہتا ہوں کہ میں نے گوگل سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہر وہ سوال جو آپ کے ذہن میں آئے آپ ایک بار اسے گوگل پر سرچ ضرور کریں ،گوگل آپ کو ہر سوال کا جواب دے گا۔moneeb15@gmail.com