شکریہ اور مہربانی !
اسپیشل فیچر
میں ایسے لوگوں سے بھی ملا ہوں جو دوسرں کو سراہتے نہیں ہیں۔ میں گولف کھیلتا تھا تو وہاں پر ایسے لوگ بھی موجود ہوتے تھے جو کہ صرف اتنا بھی نہیں کہتے تھے کہ ’’اچھی ضرب لگائی ہے‘‘ یا ’’اچھا کھیلا ہے‘‘ وہ کسی کی تعریف کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے۔ ایسے لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر وہ کسی کی تعریف کریں گے تو وہ کمزور پڑ جائیں گے۔ میری تربیت اس طرح سے ہوئی ہے کہ میں ہمیشہ یہ دو الفاظ ’’شکریہ‘‘ اور ’’مہربانی فرما کر‘‘ ہمیشہ استعمال کرتا رہا ہوں اور میرے خیال میں ان دو الفاظ میں بہت جادو کا اثرہے۔ میں جہاں کہیں بھی جائوں یہ الفاظ ہر جگہ استعمال ہوتے ہیں۔ میں آپ سے یہ نہیں کہتا کہ آپ جھوٹ بولیں،کسی کی جھوٹی تعریف کریں یا کسی کا شکریہ ادا کریں اگر وہ اس کا مستحق نہیں ہے لیکن میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں پر توجہ دیں۔ لوگوں کو تسلیم کریں اور انہیں بتائیں کہ آپ ان سے واقف ہیں۔ انہیں بتائیں کہ وہ آپ کے لیے اہم ہیںاور آپ نے اُن کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا ہے۔ آپ ہر کسی کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کی کوشش کریں۔الفاظ میںاتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ ہمارے جذبات کو منفی یا مثبت طور پر اثرانداز کرسکیں۔ ہم میں ہر شخص کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ اسے سراہا جائے۔ ہم اس سے بہت اچھا محسوس کرتے ہیں۔ ہم لوگوں پر تنقید بھی کی جاتی ہے جس کے ہم مستحق بھی ہوتے ہیں۔ لیکن پھر بھی ہم اس سے اچھا محسوس نہیںکرتے۔ آپ لوگوں کا شکریہ ادا کریں،لوگ بھی آپ کا شکریہ ادا کریں گے۔کچھ لوگ ہمیشہ ناشکری کرتے رہتے ہیں اور خود کو بدقسمت سمجھتے ہیں۔ ایسے لوگ ہمیشہ دوسرے لوگوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہیں اور انہیں قصور وار ٹھہراتے ہیں حالانکہ وہ جوکچھ بھی ہوتے ہیں اپنے رویے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ وہ لوگ اگر چاہیں تو ایک لمحے میں خود کو تبدیل کرسکتے ہیں‘لیکن وہ ایسا نہیں کرتے کیونکہ وہ اس رویے کے عادی ہوچکے ہوتے ہیں۔ وہ اپنے کاموںکی ذمہ داری کو قبول نہیںکرتے‘جب تک کوئی شخص اپنے غیرذمہ دارانہ رویے کو قبول نہیں کرتا تب تک وہ اسے تبدیل نہیں کرسکتا۔اپنی زندگی میں ان تمام چیزوں پر غور کریں جن کے لیے آپ شکرگزار ہوسکتے ہیں: آپ کی دوست،آپ کا ساتھی، آپ کے بچے،آپ کی ملازمت، سورج کی روشنی، آپ کی صحت، اچھے ہمسائے، اچھی غذا،‘ آپ کی گاڑی، یہ تمام چیزیں آپ کے لیے خوشی کا باعث ہیں۔ آپ یہ بات دریافت کریں گے کہ آپ کی زندگی میںاور بھی بہت ساری ایسی چیزیں ہیں جن کے لیے آپ شکرگزار ہوسکتے ہیں اور ان کے بارے میں آپ نے آج سے پہلے کبھی نہیں سوچا ہے۔٭یاد رکھیں کہ آپ جب بھی کسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں تو اس سے اس شخص کی زندگی میں اور آپ کی اپنی زندگی میں بھی خوشگوار تبدیلی آتی ہے۔آج کے دن:لوگوں کا اُن کی چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی شکریہ ادا کریں۔(رابن سیجر کی کتاب ’’دولت، صحت، خوشی،42 دنوں کا عملی کورس‘‘ سے ماخوذ)٭…٭…٭