اقبال حسن کا عروج زوال
پاکستانی سینما میں جب پنجابی فلموں کا تذکرہ آئے گا تو ایک نام اداکار’’اقبال حسن‘‘ کا ضرور ہوگا۔ جنہوں نے برسوں شائقین فلم کے دلوں پر راج کیا۔ یہ لاہور کے اندرون گیٹ میں پیدا ہونے والے متوسط طبقے سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ فن کار گھرانہ تھا۔ اقبال حسن کے بڑے بھائی خورشید حسن بھی اداکار تھے اور چاہتے تھے کہ اقبال حسن جلد اپنے پیروں پر کھڑا ہوجائے،خورشید حسن نے ان کو ایک کیمرہ مین کا اسسٹنٹ بنادیا۔ فنی زندگی کی ابتداء ٹرالی مین سے کی۔ ٹرالی کھینچ کھینچ کر جب اقبال حسن کو احساس ہْوا کہ منزل دور ہوتی جاری ہے تو اپنے استاد سے کہا کہ مجھے لائٹیں سیٹ کرنا سکھائیں۔ استاد نے انہیںیہ طریقہ سمجھا دیا۔ لیکن اس کے باوجود دل مطمئن نہ تھا۔ انہوں نے یونٹ میں رہ کر 1965ء میں پہلی بار اپنے بہنوئی کہانی نویس آغا حسن امتثال کی بحیثیت فلمساز پہلی پنجابی فلم ’’پنجاب دا شیر‘‘ میں اکمل اور نغمہ کے ساتھ کام کیا۔ لیکن اس فلم سے ان کوکوئی کریڈٹ نہ مل سکا۔ وہ فن کار کے طور پر اپنا مقام بنانا چاہتے تھے۔ ان کے استاد ہدایت کار ریاض احمد نے انہیں پنجابی فلم ’’سسّی پنّوں‘‘ میں مرکزی کردار د ے دیا۔ اس فلم میں سسّی اداکارہ نغمہ تھیں۔ ابھی یہ فلم زیر تکمیل تھی کہ ہدایت کار حیدر چوہدری کی فلم ’’سوہنا‘‘ میں ہیرو کاسٹ کرلیے گئے۔ دونوں فلمیں تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہی تھیں۔ریاض احمد کوشش کررہے تھے کہ ان کی فلم پہلے ریلیز ہوجائے لیکن فلم ’’سوہنا‘‘ پہلے ریلیز ہوگئی۔ فلم ’’سسّی پنّوں‘‘ بھی ایک کام یاب فلم کے طور پر سامنے آئی، ایسے وقت میں جب پنجابی فلموں میں اکمل، یوسف خان اور حبیب جیسے کام یاب اداکارموجود تھے ان اسٹارز کی موجودگی میں اپنا نام بنانا بے حد مشکل نظر آرہا تھا لیکن اقبال حسن ان سب میں ایک نمایاں فن کار کی حیثیت سے سامنے آئے۔ اس کے بعد بے شمار کام یاب پنجابی فلموں میں کام کیا جن میں دھی رانی، خان چاچا، میراخون، نشان، عشق میرا ناں، بھولا سجن، یار مستانے، وحشی جٹ، ہتھکڑی، شوکن میلے دی، وحشی گجر ان کی کام یاب فلموں میں شامل ہیں۔ ان کی اردو زبان میں صرف تین فلمیں ہی ریلیز ہوسکیں۔ حالاں کہ وہ اردو فلموں میں بھی کام کرنا چاہتے تھے۔ ہدایت کار ریاض شاہد کی اردو فلم ’’یہ امن‘‘ جو کشمیر کے موضوع پر مبنی فلم تھی جس میں انہوںنے کشمیری حریت پسند کا کردار کمال خوبی سے ادا کیا۔ جب خود فلم پروڈیوس کی تو اردو فلم ’’بدلے گی دنیا ساتھی‘‘ بنائی جس میں محمد علی اور زیبا کے ساتھ اپنے چھوٹے بھائی ’’تنظیم حسن‘‘ کو پہلی بار فلم میں کام کرنے کا موقع دیا۔ تنظیم حسن نے بہت سی فلموں میں کام کیا لیکن اپنے بھائی اقبال حسن کی طرح شہرت و مقبولیت حاصل نہ کرسکے۔ اقبال حسن کا ستارہ گردش میں آیا تو فلم سازوں نے آنکھیں پھیر لیں اس وقت پنجابی سینما پر سلطان راہی چھائے ہوئے تھے۔ ایسے میں اقبال حسن کو فنی زندگی میں دوسری بار اپنے آپ منوانے کی ضرورت پیش آئی۔ اپنے وقت کی کامیاب ترین فلم مولا جٹ کے ہدایت کار یونس ملک نے 1980ء میں پنجابی فلم ’’شیر خان‘‘ بنانے کا اعلان کیا۔ یونس ملک اس فلم میں ’’شیر خان‘‘ کا مرکزی کردار اداکار حبیب کو دینا چاہتے تھے۔ لیکن حبیب نے یہ کردار کرنے سے معذرت کرلی۔ حبیب کے علاوہ محمد علی اس کردار کے لیے مناسب تھے لیکن وہ اردو فلموں میں مصروفیات کی وجہ سے پنجابی فلم میںکام نہیں کرسکتے تھے۔ یونس ملک اس کردار کے لیے کوئی منجھا ہوا اداکار چاہیے تھا۔ ان کے پاس کوئی چوائس نہ تھی۔ ایسے میں اقبال حسن اس کردار میں منتخب کرلیے گئے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ سلطان راہی کے علاوہ اداکارہ انجمن کسی پنجابی فلم میں پہلی بار ہیروئن آرہی تھیں۔ یونس ملک کی سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ اقبال حسن کو کتنا معاوضہ ادا کریں۔ اس لیے کہ اقبال حسن پنجابی فلموں میں اپنا مقام گنواچکے تھے اب وہ صرف اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ واپس لانا چاہ رہے تھے۔ یونس ملک اور اقبال حسن میں ایک معاہدہ ہوا کہ اگر فلم کام یاب ہوئی تو ان کو منہ مانگی رقم ادا کی جائے گی اور اگر ناکام رہی تو معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔ فلم مکمل ہوئی اور1981ء عید الفطر کا دن بھی آیا ،جب لاہور میں ایک ساتھ پنجابی زبان کی پانچ فلمیں ’’شیر خان‘‘ نغمہ سینما کے علاوہ ہدایت کار الطاف حسین کی فلم’’سالا صاحب‘‘میٹروپول سینما، ہدایت کار جہانگیر قیصر کی فلم ’’چن وریام‘‘ گلستان سینما، ہدایت کار کیفی کی فلم’’ملے گاظلم دا بدلہ‘‘محفل سینما اور ہدایت کار حیدر چوہدری کی فلم ’’چاچا بھتیجا‘‘ شبستان سینما میںریلیز ہوئیں ان پانچوں فلموں میںشیر خان اور سالا صاحب نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ جمعہ 15اپریل 1983ء کو ہدایت کار الطاف حسین کی پنجابی فلم ’’صاحب جی‘‘ ریلیز ہوئی تو ’’شیر خان‘‘ مرکزی سینما پر ڈیڑھ سال تک چلنے کے بعد اتارلی گئی۔ یہ فلم 300 سے زائد ہفتے تک چلی۔ اس فلم سے فلم ساز کو بے حد منافع حاصل ہوا۔ جب اقبال حسن کو معاوضہ دینے کی بات آئی تو یونس ملک نے نوٹوں سے بھرا بریف کیس ان کے سامنے رکھ دیا اور کہا کہ جتنے پیسے لے سکتے ہو لے لو۔ اس پر اقبال حسن نے دولت کے انبار سے صرف اتنے ہی نوٹ سمیٹے کہ جو ان کے ہاتھوں میں سماسکے اور ساتھ یہ کہا کہ بس یہی دولت میرے نصیب کی ہے۔ ان کی یہ اعلیٰ ظرفی آج بھی یاد کی جاتی ہے۔ فلم ’’شیر خان‘‘ کے مرکزی کردار نے ان کو دوبارہ فن کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہ کردار اقبال حسن کے روپ میں ایک حقیقت بن گیا۔ اقبال حسن کی زندگی کا آخری دن 14 نومبر 1984ء کا تھا جب وہ اپنے دوست اور ساتھی اداکار اسلم پرویز کے ساتھ کار میں جارہے تھے کہ یہ حادثے کا شکار ہوگئی۔ اقبال حسن کا تو اسی وقت انتقال ہوگیا جب کہ اسلم پرویز جو شدید زخمی تھے ٹھیک ایک ہفتے بعد اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔٭…٭…٭