میاں بیوی کے درمیان اچھے تعلقات, آٹھ راز جنہیں آپ جاننا چاہیں گے
اسپیشل فیچر
گھر میں میاں بیوی کے مابین اچھے تعلقات کو کوشش کے بغیر حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ بہتر تعلقات کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ دونوںکے درمیان کبھی تنازع جنم نہیں لیتا۔ ان کی بنیادی وجہ یہ ہوتی ہے کہ جوڑے اختلافات کو دانش مندی سے حل کرتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور پیار کے رشتے کو قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ صحت مندانہ اور خوشگوار تعلقات کے لیے چند عادات کو باقاعدگی سے اپناتے ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہے۔ 1۔دوسروں کے سامنے تعریف: خوشگوار تعلقات کے حامل جوڑے دوستوں، بچوں ، رشتہ داروں اور دوستوں کے سامنے ایک دوسرے کی تعریف کرتے ہیں۔ 2۔ مصروفیت کے باوجود وقت نکالنا: ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنا میاں بیوی کے درمیان اچھے تعلقات کے لیے بہت اہم ہے اور دیکھا گیاہے کہ کامیاب جوڑے چاہے جتنے مصروف ہوں وہ ایک دوسرے کے لیے روزانہ کچھ وقت ضرورنکالتے ہیں جس میں وہ باتیں کرتے ہیں اور مل کر چند سرگرمیاں انجام دیتے ہیں مثلاً اکٹھے فلم دیکھنا یا کوئی کھیل کھیلنا۔ 3۔ ہنسنی مذاق: ایک دوسرے سے ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو اور مزاح ناصرف باہمی ماحول کو خوشگوار رکھتا ہے بلکہ تعلقات میں بھی بہتری لاتا ہے اور دونوں میں اچھے تعلقات کا ایک راز ہے۔4۔ مثبت پہلو اجاگر کرنا: ہر انسان میں چند ایک خامیاں ہوتی ہیں۔ جو جوڑے خامیوں کی بجائے ایک دوسرے کی خوبیوں کو اجاگر کرتے ہیں ان کے تعلقات زیادہ بہتر رہتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے کی جانب سے کئے جانے والے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں۔ 5۔ دوسرے کی جگہ پر خود کو رکھ کر دیکھنا: ایک دوسرے کو نہ سمجھنے اور تنازعات کے بڑھنے کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ انسان خود کو اس مقام پر نہیں لاتا جس پر دوسرا کھڑا ہوتاہے۔ جو فرد دوسرے کے حالات اور ذہنی کیفیت کو نہیں سمجھ سکتا وہ تنازعے کو حل کرنے کی کم صلاحیت رکھتا ہے۔ کامیاب ازدواجی زندگی گزارنے والے ایک دوسرے کے حالات اور جذبات سمجھتے ہیں۔ 6۔ ایک دوسرے سے اظہار پسندیدگی: شادی کو زیادہ وقت بیت جائے تو جوڑے ایک دوسرے سے اظہار پسند یدگی کو غیر ضروری سمجھنے لگتے ہیں۔ ایسا کرنے سے تعلقات میںروکھا پن آ جاتا ہے۔ لہٰذا یہ اظہار ضروری ہے۔ 7۔ غیرضروری الزامات سے گریز: جوڑوں میں اختلافات کے ساتھ ساتھ لڑائی جھگڑے بھی ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں ایک دوسرے پر غیرضروری اور نامعقول الزامات لگانے سے اختلافات کو دور کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کامیاب جوڑے اختلافات میں بھی تعظیم کو ملحوظ خاطر رکھتے ہیں۔8۔ معاف کرنا: غلطی کسی سے بھی ہو سکتی ہے لیکن کامیاب جوڑے ایک دوسرے کو معاف کرنے کی زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ غلطی پر معافی مانگنے سے بھی نہیں گھبراتے۔ ٭…٭…٭