ہنّہ جھیل ،کوئٹہ
اسپیشل فیچر
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے 8کلومیٹر کے فاصلے پر بلند پہاڑوں کے درمیان ایک خوبصورت قدرتی جھیل واقع ہے۔ اسے ہنّہ جھیل کہتے ہیں۔ یہ جھیل اور اس کا خُوبصورت ساحل کوئٹہ کے شہریوں اور دُور دراز سے آنے والے سیاحوں کے لیے ایک دلکش قدرتی سیاحتی مرکز ہے یہاں ہر موسم میں مقامی اور بیرونی سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے۔ہنہ جھیل، کے چاروں جانب اُونچے اُونچے پہاڑ ہیں ان کے درمیان یہ جھیل ایک بہت بڑے پیالے کی طرح پھیلی ہوئی ہے موسم سرما میں ہونے والی بارش اور برف باری کی بدولت یہ جھیل سارا سال پانی سے بھری رہتی ہے اس پانی سے زرعی فوائد حاصل کرنے کے لیے جھیل کا پانی اس کے اطراف پھیلے ہوئے کھیتوں اور پھلوں کے باغات تک پہنچایا جاتا ہے اس طرح اس جھیل کو سیاحت کے ساتھ ساتھ زراعت اور باغ بانی کے لحاظ سے بھی اہمیت حاصل ہے۔یہ اپنی نوعیت اور شکل و صورت کے لحاظ سے شمالی علاقے کی مشہور جھیل سیف الملوک سے ملتی جلتی ہے لیکن اسے جھیل سیف الملوک کی طرح خوبصورت درختوں اور سبزے سے ڈھکے ہوئے پہاڑوں والا ماحول میسر نہیں، اس کے اطراف میں پھیلے ہوئے بھورے اور مٹیالے پہاڑ، درختوں اور سبزے سے محروم ہیں اس کمی کو دور کرنے کے لیے ہنہ جھیل کے کنارے کنارے شجرکاری کی گئی ہے چنانچہ وہاں کافی تعداد میں کوئٹہ پائن، چنار اور ایش کے درختوں کے علاوہ پھلدار درخت بھی لگا دیئے گئے ہیں جس کی بدولت ماحول خوبصورت ہوگیا ہے مقامی اور بیرونی سیاحوں کے لیے اس کی دلکشی میں اضافہ ہوگیا ہے۔دائرے کی شکل میں پھیلی ہوئی اس قدرتی جھیل کا رقبہ تقریباً ساڑھے 7مربع کلومیٹر ہے اس کے درمیان میں ایک چھوٹا سا مصنوعی جزیرہ قائم کیا گیا ہے جو ٹیلے کی شکل کا ہے اس کی چوٹی پر نگرانی کے لیے ایک چھوٹی سی عمارت تعمیر کی گئی ہے اس سے جھیل کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگیا ہے بڑی سڑک سے ہنہ جھیل تک پہنچنے والی سڑک یہاں آکر ختم ہو جاتی ہے۔ سڑک اور جھیل کے درمیان خوبصورت جنگلہ لگایا گیا ہے اصل جھیل سڑک سے تقریباً 30فٹ نیچے واقع ہے سڑک اور جھیل کے درمیان پھیلی ہوئی ڈھلوان پر سیاحوں کے لیے سیڑھیاں اور راہداریاں بنائی گئی ہیں اس جگہ لوگوں کے بیٹھنے کے لیے کئی سبز مقامات قائم کیے گئے ہیں ایک پرانا پختہ سائبان بھی ہے۔ہنہ جھیل کو ایک قدرتی سیر گاہ او رسیاحت کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کا پروگرام بنا تو فوجی انتظامیہ کی نگرانی میںہنہ جھیل کا ایک باضابطہ ترقیاتی ادارہ قائم کر دیا گیا۔ہنہ جھیل میں کشتی رانی کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔ہنہ جھیل پر ہر موسم میں سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے۔ اب ہنہ جھیل پر آنے والے سیاحوں کے لیے ہوٹل کا قیام عمل میں آچکا ہے آرام کرنیکی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔