گلِ بنفشہ اور گاؤ زباں کے فوائد
اسپیشل فیچر
گلِ بنفشہ نزلے کی مشہور دوا ہے۔ عام طور پر لوگ اس کے فائدے کو جانتے ہیں۔ بنفشے کے پتے بھی نزلے کی دوا کے طور پر گلِ بنفشہ ہی کی طرح جوش دے کر استعمال کیے جاتے ہیں، لیکن پھول اپنی تاثیر میں پتوں سے بہتر ہوتے ہیں۔ گلِ بنفشہ زیادہ تر پہاڑوں پر پیدا ہوتا ہے۔ کشمیر کا گلِ بنفشہ زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔ گلِ بنفشہ نزلہ اور بخار میں خصوصیت کے ساتھ مفید ہے۔ اس کو پانی میں جوش دے کر اور چینی سے میٹھا کر کے پلانے سے پسینہ آ کر بخار اتر جاتا ہے۔ یہ قبض کو بھی رفع کر دیتا ہے۔ گلِ بنفشہ ایک تولہ، کالی مرچیں گیارہ۔ بتاشے یا چینی دو تولے کو ڈیڑھ پاؤ پانی میں جوش دیں۔ جب پانی آدھا رہ جائے تو چھان کر ہلکا گرم پلائیں۔ نزلہ ہو یا زکام کے ساتھ بخار ہو، کھانسی ستاتی ہو، گلا پکڑا ہوا ہو، یا نزلہ و زکام کے ساتھ سینے اور پسلی میں درد بھی ہو، اس کے پینے سے مریض کو پسینا آ جاتا ہے اور عموماً یہ سب شکایتیں دور ہو جاتی ہیں۔ جن لوگوں کا دل بہت کمزور ہو، ان کے لیے گلِ بنفشہ کے ساتھ کسی قدر گاؤ زباں بھی ملا دینی چاہیے، کیونکہ گلِ بنفشہ دل کی حرکت کمزور اور سست کر دیتا ہے اور گاؤزباں شامل کر دینے سے یہ بات پیدا نہیں ہوتی۔ کیونکہ گاؤزباں دل کو قوت دیتی ہے۔ گلِ بنفشہ چھ ماشے، کالی مرچیں پانچ پیس کر کچی شکر چھ ماشے ملا کر گرم پانی کے ساتھ پھانک لینے سے بھی اوپر بیان کی ہوئی بیماریاں دور ہو سکتی ہیں۔گرمی کی وجہ سے سر میں درد ہو یا نیند نہ آتی ہو تو گلِ بنفشہ چھ ماشے دھنیے کے بیج چھ ماشے کو پانی میں پیس کر پیشانی پر لگانے سے دردسر اچھا ہو جاتا ہے اور نیند آ جاتی ہے۔ گاؤزباں طب مشرق کی بہت ہی مشہور دوا ہے۔ یہ ایک پودے کے پتے ہیں، جن کی سطح گائے کی زبان کی طرح کانٹے دار ہوتی ہے۔ اس کے پھول بھی ’’گلِ گاؤ زباں‘‘ کے نام سے دواؤں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ گاؤ زباں کا عرق بھی دوا کے طور پر کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔ گاؤ زباں اور گلِ گاؤ زباں دونوں کو نزلے میں اور دل و دماغ کی طاقت کے لیے بکثرت استعمال کیا جاتا ہے۔ ان دونوں کے استعمال سے دل و دماغ کو فرحت بھی حاصل ہوتی ہے۔ ان کو پاگل پن، وہم و وسواس اور دل کی دھڑکن میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ گاؤزباں نزلہ و زکام، کھانسی، دمہ اور سینے کی کھرکھراہٹ کو دور کرنے کے لیے بہت استعمال کی جاتی ہے۔ جب نزلہ بند ہو جائے، ناک گھٹی گھٹی ہو، سینے میں جکڑن ہو اور بلغم رکا ہوا ہو تو پانچ ماشے گاؤ زباں کو ایک چائے کی پیالی پانی میں ڈال کر جوش دیں، پھر چھان کر گاؤ زباں کو پھینک دیں اور اس پانی میں دو تولے چینی حل کر کے نیم گرم پی لیں۔ 24 گھنٹے میں دو تین بار پینے سے نزلہ کھل جاتا ہے۔ جو بلغم سینے میں چپک کر جمع ہو جاتا ہے، وہ آہستہ آہستہ نرم ہو کر نکلنے لگتا ہے۔