لوکاٹ ،خون کی بیماریوں میں مفید
اسپیشل فیچر
لوکاٹ ایک سدا بہار پھلدار پودا ہے، اس کا ذائقہ ترش اور شیریں مزاج سرد تر اور اس کا رنگ گہر ا زرد جبکہ کچا لوکاٹ سبز ہوتا ہے ۔
لوکاٹ کا آبائی وطن چین ہے جہاں اس کی کاشت دو ہزار سال قبل مسیح سے جاری ہے۔ بعد ازاں جاپان اور پھر دیگر ممالک میں متعارف ہوئی۔ آج کل اس کی کاشت چین اور جاپان کے علاوہ پاکستان، انڈیا، ترکی، سپین، اٹلی، یونان، برازیل، آسٹریلیا میں بھی ہو رہی ہے۔ رقبہ اور پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں چین سرفہرست ہے۔ پاکستان میں اس کی کاشت زیادہ تر مردان، پشاور، ہزارہ اور راولپنڈی میں تر خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہو رہی ہے۔ پنجاب میں لوکاٹ کے پھل کا زیر کاشت رقبہ زیادہ نہیں ہے یہاں سالانہ پیداوار بھی چند ہزار ٹن ہے۔ کاشتکار توجہ دے کر پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ زرعی ماہرین کے مطابق لوکاٹ معتدل آب و ہوا میں نشوونما پاتا ہے، یہ گرم خشک ہوا برداشت نہیں کر سکتا۔جس کی وجہ سے پھل بہت چھوٹا یا کچا رہ جاتا ہے ۔آپ اسے اپنے گھر میں دھوپ سے محفوظ جگہ پر بھی اگا سکتے ہیں۔ عام حالات میں بیجوں کو اگنے کے لئے تقریباً ایک ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ بیج کو گملوں میں بونا زیادہ بہتر ہے کیونکہ ان کو گرم ہوائوں اور بارش سے محفوظ کرنا آسان ہے۔ لوکاٹ کے چھوٹے پودوں کو 10 سے 15 کلوگرام گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنی چاہئے۔پانی کا وقفہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ اگر پانی باغ میں کھڑا رہے تو پودوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ سردی کے موسم میں مہینے میں ایک دفعہ پانی دینا کافی ہوتا ہے۔
اس کے کئی طبی فوائد ہیں ۔یہ قاطع صفرا اور جسم کو توانائی بہم پہنچاتی ہے۔صفراوی اور خون کی بیماریوں میں اس کا استعمال مفید ہے ۔ لوکاٹ قدرے قابض ہوتا ہے۔یہ پیاس بجھاتا ہے ۔ اس کا خوش ذائقہ شربت ، خون کی حدت کو دور کرنے کے علاوہ متلی ، قے اوربواسیر کے مرض میں بہت مفید ہے ۔ یہ طبیعت کو فرحت اور سکون دیتا ہے نیز گرمی اور بادی کو دور کرتا ہے ۔ لوکاٹ مصفیٰ خون ہے۔کھانا کھانے کے بعد یہ خوراک کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے گرم معدے کو قوت ملتی ہے ۔ دوسرے پھلوں کی طرح اسے بھی ہمیشہ دھوکر کھانا چاہئے بصورت دیگر یہ حلق کو نقصان پہنچاسکتا ہے اس سے کھانسی پیداہو سکتی ہے۔
لوکاٹ کا شربت بنانے کا طریقہ
ایک کلو عمدہ لوکاٹ کو اچھی طرح دھوکر چھیل لیں۔ پھر ان کے بیج نکال کر پانی میں اچھی طرح مل لیں۔اسے باریک چھلنی سے چھان کر پانی الگ کرلیں ۔ اس پانی میں تین پائو چینی ملاکر ہلکی آنچ پر رکھیں۔میل وغیر ہ صاف کرتے رہیں ۔ جب قوام ذرا گاڑھا ہوجائے تو اتار لیں ، ٹھنڈا ہونے پر بوتلوں میں بھرلیں ۔ یہ شربت زبردست فوائد کا حامل ہوتاہے۔