خلافت عباسیہ کا خاتمہ
750عیسوی سے 1258ء تک قائم رہنے والی خلافت عباسیہ ، اسلامی تاریخ کی اہم حکومتوں میں سے ایک تھی۔ اس خلافت نے 37 خلفاء دیکھے۔بلا شبہ تاریخ کی کتابیں خلافت عباسیہ کے کارناموں سے بھری پڑی ہیں لیکن تاریخ کا ایک سبق بھی ہے کہ '' تاریخ کوصرف فتوحات سے غرض ہوتی ہے ، تاریخ جواز یا عذر قبول نہیں کیا کرتی ‘‘۔
خلافت عباسیہ کا خاتمہ مسلم امہ کیلئے ایک المیہ سے کم نہیں اور یوں 37ویں عباسی خلیفہ مستعصم باللہ کے ساتھ ہی نہ صرف عباسی خلافت کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہو گیا بلکہ مسلمانوں کواس کے ساتھ ساتھ سقوط بغداد کا زخم بھی اپنے سینے پرسہنا پڑا۔ وہی بغداد جس کی بنیاد مستعصم باللہ کے جد ابوجعفر بن المنصور نے 762 عیسوی میں بغداد نامی ایک چھوٹے سے قصبے کے قریب رکھی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ چھوٹا ساقصبہ چند عشروں میں دنیا کی تاریخ کا ایک عظیم شہر بن گیا تھا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب دنیا کے چپے چپے سے علم و فضل کے پیاسے جوق در جوق بغداد کا رخ کرنے لگے تھے۔ تاریخ کی کتابوں میں لکھا ہے کہ نویں صدی میں بغداد وہ واحد شہر تھا جہاں کا ہر شہری پڑھ لکھ سکتا تھا۔صرف یہی نہیں بلکہ 775ء سے لیکر 932ء تک بغداد آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا شہر تصور تھا۔اس شہر کو یہ اعزازبھی حاصل تھا کہ بغداد دس لاکھ آبادی کا سنگ میل عبور کرنے والا دنیا کا پہلا شہر تھا۔
سقوط بغداد یا سقوط خلافت عباسیہ کے عوامل چاہے کچھ بھی ہوں لیکن اس میں کوئی دو آراء نہیں کہ آخری عباسی خلیفہ مستعصم باللہ کا سولہ سالہ دور خلافت زیادہ تر عیش و عشرت ، غفلت اور غیر ضروری سرگرمیوں میں گزرا۔اس کا،اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو گا کہ انہیں منگول یلغار کی کانوں کان خبر تک نہ ہوئی اور تو اور ان کا ایک بااعتماد وزیر ابن العل قلمی ان کے پہلو میں بیٹھ کر منگولوں سے خط و کتابت کرتا رہا اورانہیں بغداد پر حملہ کی ترغیب دیتا رہا اور خلیفہء وقت کو خبر تک نہ ہوئی۔ تاریخ کی کتابوں میں لکھا ہے کہ چنگیز خان کے پوتے ہلاکو خان نے 29جنوری 1257ء کو بغداد کے محاصرے کا ارادہ کیاچنانچہ حملہ کرنے سے پہلے ہلاکو خان نے خلیفہ مستعصم باللہ کو ایک خط لکھا '' لوہے کے ڈھیلے کو مکہ مارنے کی کوشش نہ کرو ، سورج کوبجھی موم بتی سمجھنا چھوڑ دو، بغداد کی دیواروں اور فصیلوں کو خود ہی گرا دو اور اس کے ارد گرد کھودی خندقوں کو صاف کر کے حکومت چھوڑ کر ہتھیار ڈال دواور یاد رکھنا اگر ہم نے بغداد پر چڑھائی کی تو نہ تمہیں زمین میں چھپنے کی جگہ ملے گی اور نہ آسمان پر ‘‘۔
اگرچہ خلیفہ مستعصم باللہ میں اپنے پیشرؤں جیسے اوصاف تو نہ تھے لیکن خلیفہ سمجھتے تھے کہ اس قدر وسیع و عریض مسلم امہ اسے تنہا کبھی نہ چھوڑے گی۔چنانچہ اسی زعم میں اس نے ہلاکو خان کو جواباً لکھا'' نوجوان جنگجو ، چار دن کی چاندنی میں تم اپنے آپ کو کائنات کا مالک سمجھ بیٹھے ہو۔ کیا تم نے یہ غور نہیں کیا کہ مشرق سے مغرب تک خدا کے ماننے والے اہل ایمان ، سبھی میری رعایا ہیں۔تمہاری فلاح اسی میں ہے کہ تم انہی قدموں واپس لوٹ جاؤ ‘‘ ۔
ہلاکو خان جو لگ بھگ چار عشروں سے اپنے آبائی وطن منگول کو خیر آباد کہہ کر چار ہزار میل کی مسافت طے کر کے نہ صرف فتوحات کے نئے ریکارڈ قائم کرتا آ رہا تھا بلکہ اسے اپنی فوج پر پورا اعتماد بھی تھا۔ سونے پہ سہاگہ اس کا بھائی منگو خان ثابت ہوا، جس نے منگول سے تازہ دم دستے بغداد بھجوادئیے بلکہ ان کے دیکھا دیکھی آرمینیا اور جارجیا سے بھی خاصی تعداد میں مسیحی فوجی ہلاکو خان سے آن ملے جو دراصل مسلمانوں سے صلیبی جنگوں کا پرانا بدلہ چکانے کیلئے بے تاب تھے۔
یہ عنصر تو ایک طرف، درحقیقت منگول فوج کو تکنیکی اعتبار سے بھی عباسی فوج پر کہیں زیادہ فوقیت حاصل تھی جو اپنے وقت کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس تھی۔ہلاکو خان کی فوج میں انجینئرز کا باقاعدہ ایک یونٹ تھا جو بارود کے استعمال کی مہارت رکھتا تھا۔ہلاکو خان کی فوج نے جب منجنیقوں کے ذریعے آگ کے گولے دشمن کی طرف پھینکنا شروع کئے تواہل بغداد اس آگ سے پھیلنے والی تباہی سے گھبرا گئے۔ انہوں نے اس سے پہلے اس طرح آگ برستی نہ دیکھی تھی۔آگ برساتی منجنیقوں نے جہاں ایک طرف لاشوں کے ڈھیر لگانا شروع کر دئیے وہیں خلیفہ بھی اس صورتحال سے گھبرا گئے۔ انہوں نے ہلاکو خان کو بھاری تاوان اور اپنی سلطنت میں جمعہ کے خطبہ میں اس کا نام پڑھنے کی شرط کی پیشکش کر ڈالی لیکن ہلاکوخان نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا۔
آخر10فروری 1258ء کو 13دن کے محاصرے کے بعد عباسی خلیفہ کو ہلاکو خان کی فوجوں کے سامنے شہر کے دروازے کھولنا پڑے۔خلیفہ مستعصم کو ہلاکو خان کی فوج نے گرفتار کر کے چند دن قید تنہائی میں بھوکا پیاسا رکھا جبکہ باقی اشرافیہ اور رعایا کے ساتھ ہلاکو خان نے وہی سلوک کیا جو ہلاکو خان کادادا چنگیز خان دشمنوں کے ساتھ کرتا رہا تھا۔
چند دن کے بعد جب بھوکے پیاسے خلیفہ مستعصم کو ہلاکو خان کے سامنے پیش کیا گیا تو تھوڑی ہی دیر بعد اس کے سامنے دستر خواں سے ڈھکا ایک ٹرے لایا گیا۔کئی دن کے بھوکے خلیفہ نے جب بے ساختہ دستر خوان اٹھایا تو دیکھا کہ کھانے کے برتن ہیرے جواہرات سے بھرے ہوئے تھے۔ ہلاکو نے خلیفہ کو مخاطب کر کے کہا کھاؤ۔ اس پر خلیفہ بولا،یہ ہیرے بھلا میں کیسے کھاؤں ؟ اس مو قع پر ہلاکو کا تاریخی بیان تھا کہ اگر تم ان ہیروں کی جگہ اپنی فوج کے لئے تیر ، تلواریں بارود بنا لیتے تو ہم شاید بغداد میں کبھی بھی داخل نہ ہو سکتے‘‘۔ خلیفہ نے رندھی ہوئی آواز سے کہا، شاید اللہ کو یہی منظور تھا۔ہلاکو نے اپنے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرتے ہوئے خلیفہ کی طرف نفرت سے دیکھتے ہوئے کہا ،لیکن اب جو میں تمہارے ساتھ کروں گا وہ بھی اللہ کی مرضی ہو گی۔ کہتے ہیں اس کے بعد ہلاکو نے خلیفہ مستعصم کو نمدوں میں لپیٹ کر اس کے اوپر تیز رفتار گھوڑے دوڑا دئیے تھے۔
(نوٹ: یہاں قارئین کیلئے ایک وضاحت ضروری ہے کہ عباسی خلفاء کی فہرست میں ہارون الرشید کے فرزند معتصم بلا جو خلافت عباسیہ کے آٹھویں خلیفہ تھے،اکثر کتابوں میں بھی سینتیسویں خلیفہ مستعصم باللہ کے ساتھ ملا دیا جاتا ہے جبکہ معتصم بلا اور مستعصم باللہ دو الگ الگ خلفاء عباسی گزرے ہیں)