آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/26659_11706277.jpg)
اسپیشل فیچر
روس امریکہ معاہدہ
امریکہ اور روس کے درمیان ایک معاہدہ ہو اجسے ماسکو معاہدہ بھی کہا جاتا ہے ۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان ہتھیاروں میں کمی کا ایک اسٹریٹجک معاہدہ تھا جو جون 2003ء سے فروری 2011ء تک نافذ رہا بعد ازاں اسے نیو اسٹارٹ ٹریٹی کے ذریعے ختم کر دیا گیا ۔اس وقت اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان نئے اسٹریٹجک تعلقات کے ایک اہم عنصر کے طور پر رکھا گیا تھا اور اس پر معاہدے پر ماسکو میں 24 مئی 2002ء کو دستخط کئے گئے۔اس معاہدے میں یہ بھی لکھا گیا کہ کوئی بھی فریق دوسرے کو تین ماہ کا تحریری نوٹس دینے پر معاہدے سے دستبردار ہو سکتا ہے۔
بروکلین برج کا افتتاح
بروکلین برج نیویارک شہر میں ایک ہائبرڈ کیبل پل ہے جو مین ہٹن اور بروکلین کے درمیان مشرقی دریا پر پھیلا ہوا ہے۔اس پل کو عام عوام کے لئے 24 مئی 1883ء کو کھولا گیا، بروکلین برج مشرقی دریا کو عبور کرنے والا پہلا پل تھا۔ جس وقت اس کا افتتاح کیا گیا یہ اس وقت دنیا کا سب سے لمبا کیبل برج تھا ۔ اس پل کو اصل میں نیویارک اور بروکلین برج یا ایسٹ ریور برج کہا جاتا تھا لیکن 1915ء میں باضابطہ طور پر اس کا نام بدل کر بروکلین برج رکھ دیا گیا۔
بحیرہ ایجیئن میں شدید زلزلہ
24 مئی 2014ء کو یونان اور ترکی کے درمیان شمالی بحیرہ ایجیئن میں شدید زلزلہ آیا۔ اس خوفناک زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ ترکی کے جزیرے امبروس اور ایڈیرنے اور چاناکلے کے شہروں کے ساتھ ساتھ یونانی جزیرے لیمنوس میں بھی شدید نقصان اور تباہی ہوئی۔ زلزلے کے جھٹکے بلغاریہ اور جنوبی رومانیہ میں بھی محسوس کیے گئے۔ مرکزی جھٹکے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی آئے جس کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔ان آفٹر شاکس کی وجہ سے وہ عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جنہیں زلزلے سے نقصان پہنچا تھا ۔ اس زلزلے میں450ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔