''لاس اینجلس آٹو شو 2023ء‘‘ میں جب سے ٹیسلا نے اپنے الیکٹرک سائبر ٹرک کو عام عوام کے سامنے پیش کیا تھا اس وقت سے اس کے چرچے ہر سو تھے اور ہر کوئی اس کا بے چینی سے منتظر تھا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اس کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ٹیسٹ کے دوران ایلون مسک کو شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا لیکن اس کے باوجود کمپنی نے ہار نہیں مانی اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کرنے کے بعد آخرکار ٹیسلا نے سائبر ٹرک کی پہلی سیریز صارفین کیلئے لانچ کر دی ہے۔ پہلے ماڈل کو ''سائبر بیسٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے جبکہ کمپنی کے مطابق اس کے تین ماڈل تیار کیے جائیں گے۔ٹیسلا نے چار سال قبل سائبر ٹرک کا تصور پیش کیا تھا جبکہ اس کی پیداوار 2021ء میں شروع ہونا تھی۔ سائبر ٹرک کی ظاہری شکل اور پیداوار کے طریقہ کار میں جدت اتنی زیادہ تھی کہ کمپنی کو اس کی لانچنگ میں تاخیر کرنا پڑی۔ٹیسلا کا سائبر ٹرک بے پناہ خوبیوں کا حامل ہے۔ سب سے پہلے اس کی ظاہری شکل اور باڈی کی بات کرتے ہیں جو سٹین لیس سٹیل کے خصوصی مرکب سے بنائی گئی ہے۔ گاڑیوں کی صنعت میں یہ پہلا موقع ہے کہ کار کی باڈی کو سٹین لیس سٹیل سے بنایا گیا ہے۔ ٹیسلا نے پچھلے ہفتے ایک ویڈیو نشر کر کے دکھایا تھا کہ سائبر ٹرک کی باڈی بلٹ پروف ہے۔ اس دھات کے انتخاب کی وجہ سے کچھ تجزیہ کاروں کو سائبر ٹرک کی بڑے پیمانے پر پیداوار کے امکان پر شک ہے۔ سائبر ٹرک کے پہلے ورژن ''سائبر بیسٹ‘‘ میں تین الیکٹرک موٹریں نصب ہیں جو 845 ہارس پاور کی بجلی پیدا کرتی ہیں۔ ان انتہائی طاقتورموٹروں کی بدولت ''سائبر بیسٹ‘‘ ایک ہی چارج پر 515 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اپنی پک اپ پاور کی بدولت یہ ٹرک صرف 2اعشاریہ 6 سیکنڈ میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سائبر ٹرک کا اسٹیئرنگ وہیل عام گاڑیوں سے بالکل مختلف ہے۔ اسٹیئرنگ وہیل صرف اگلے پہوں کی سمت کو نہیں بدلتا بلکہ اس سے پچلے پہیوں کی ڈائریکشن کو بھی بدلا جا سکتا ہے۔ سائبر ٹرک کے اسٹیئرنگ وہیل کی خوبیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ یہ براہ راست پہیوں سے منسلک نہیں ہے۔ اسٹیئرنگ وہیل کو گھمایا جائے تو گاڑی میں شامل مصنوعی ذہانت کے ذریعے یہ برقی موٹریں ضرورت کے مطابق پہیوں کو حرکت دیتی ہیں۔ کم رفتار پر گاڑی کی سمت کو بہتر طور پر تبدیل کرنے کیلئے پہیے زیادہ زاویہ کے ساتھ سمت بدلتے ہیں۔ تیز رفتاری پر، سٹیئرنگ وہیل کو موڑنے سے، پہیوں کی سمت کی تبدیلی کا زاویہ کم ہو جاتا ہے۔ کار کا اسٹیئرنگ وہیل پچھلے پہیوں کا زاویہ بھی بدلتا ہے جس کی وجہ سے سائبر ٹرک کو چلانا مزید آسان ہوجاتا ہے۔سائبر ٹرک کا اندرونی کیبن پرتعیش رکھنے کی بجائے انتہائی سادہ بنایا گیا ہے۔ ڈرائیور تمام معلومات 18 انچ کی سکرین پر دیکھتا ہے اور ایک ہی ٹچ اسکرین سے گاڑی کے مختلف حصوں کو کنٹرول کرتا ہے۔ دوسری چیزوں کے علاوہ'' ریئر ویو مرر‘‘ کے بجائے اسی اسکرین پر کار کے پچھلے حصے کی تصویر دکھائی گئی ہے۔کمپنی کے مطابق تمام صارفین کو کاریں بغیر پینٹ کے (یعنی سٹیل کے کلر میں)فراہم کی جائیں گی۔ صارفین رنگ تبدیل کر کے اسے اپنا من پسند رنگ دے سکتے ہیں، اس کیلئے انہیںاضافی رقم قیمت سے ہٹ کر ادا کرنا ہو گی۔ ''سائبر بیسٹ‘‘ کی تعارفی قیمت 99ہزار990 ڈالر رکھی گئی ہے۔آئندہ برس یعنی 2024ء میں ٹیسلا سائبر ٹرک سیریز کا سیکنڈ ماڈل پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ ماڈل اپنے پہلے ماڈل سے تھوڑا سا مختلف ہو گا۔ اس میں تین کے بجائے دو الیکٹرک موٹریں نصب کی جائیں گی، جن کی طاقت 600 ہارس پاور ہو گی۔ یہ سائبر ٹرک ایک چارج پر 547 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو گا یعنی اپنے پہلے ماڈل سے 32کلومیٹر زیادہ۔ یہ ماڈل صفر سے 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار 4.1 سیکنڈ میں پکڑے گا۔ اس ماڈل کی قیمت 79,990 ڈالر ہو گی۔اس سیریز کا سب سے سستا ماڈل جو 60,990 ڈالر کی قیمت میں فروخت ہو گا، وہ 2025ء میں منظر عام پر لایا جائے گا۔ ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ''سائبر بیسٹ‘‘ کی ٹیکساس میں واقع فیکٹری میں منعقدہ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹرک کی آمد سے امریکی سڑکوں کا چہرہ ہمیشہ کیلئے بدل جائے گا۔ سائبر ٹرک بنانے کا مقصد ایک ایسی کار تخلیق کرنا تھا جو پک اپ ٹرک کی طرح مضبوط اور سپورٹس کار کی طرح تیز رفتار ہو۔ انہوں نے کہا کہ سائبر ٹرک اپنی منفرد شکل و صورت کے باوجود کام کیلئے بالکل ٹھیک بنایا گیا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس ٹرک کو خریدنے والے اسے کام کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔ زیادہ تر تجزیہ کاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ سائبر ٹرک یوٹیلیٹی گاڑی سے زیادہ ایک سماجی رجحان بن جائے گا اور کم از کم پہلے سالوں میں اس کے صارفین ٹیسلا کے پرستار ہوں گے۔چار برس پہلے جب ٹیسلا کے باس ایلون مسک نے الیکٹرک کار کمپنی کے ''سائبر ٹرک‘‘ کی تشہیر کے لیے نمائش کی تو اس کی کھڑکی ٹوٹ گئی۔یہ گاڑی کے لیے ایک تباہ کن ڈیبیو تھا، جس نے منافع بخش امریکی ٹرک مارکیٹ میں ٹیسلا کے دعوے کو داؤ پر لگادیا۔چار سال بعد، جب کمپنی خریداروں کو مستقبل کی مصنوعات کی فراہمی شروع کرنے جا رہی ہے، تو سوال یہ کہ کیا یہ مسئلہ حل ہو گیا ہے؟